ابنا: سوئزرلينڈ ميں يورو کا بحران سرايت کرجانے سے اس بات کي نشاندہي ہوتي ہے کہ يورپ کا اقتصادي بحران کتنا شديد ہے - سوئزرلينڈ کي حکومت نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہ يورو زون کا بحران اس کے ملک ميں بھي پہنچ گيا ہے، کہا ہے کہ اس بحران کے اثرات کو روکنے کے لئے ضروري اقدامات کئے جارہے ہيں -سوئزرلينڈ کے وزير خزانہ نے کہا ہے کہ يورپ کے مالي بحران کے نتائج اور ملک کي اقتصاديات پر اس کے اثرات کا جائزہ لينے کے لئے ايک ورکنگ گروپ تشکيل دے ديا گيا ہے -اسي کے ساتھ يہ اعلان بھي کيا گيا ہے کہ سوئزرلينڈ کا مرکزي بينک سوئيس فرانک ميں اتارچڑھاؤ کو روکنے کے لئے ضروري اقدامات انجام دے گا -دوسري طرف بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر حالات حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوگئے تو سوئزرلينڈ کي کرنسي پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوں گے –
اسي کے ساتھ يہ بات بھي قابل توجہ ہے کہ سوئزلينڈ چونکہ يورپي يونين کا رکن نہيں ہے اس لئے وہ يورپ کي نجات کے لئے قائم ہونے والے فنڈ سے بھي کوئي فائدہ نہيں اٹھا سکے گا-ادھر يونان، پرتگال، اسپين اور يورو زون کے ديگر ملکوں ميں مالي اور معاشي بحران روز بروز وسيع سے وسيع تر ہوتا جارہا ہے - ان ملکوں ميں حکومتوں کي جانب سے مالي مدد لينے کے نتيجے ميں عوام کي مشکلات بڑھتي جارہي ہيں جس کے خلاف عوامي مظاہروں میں بھي روز افزوں وسعت اور شدت آرہي ہے -مجموعي طور پر اقتصادي بحران کے لپيٹ ميں آنے والے ملکوں کي حکومتوں نے اب تک امداد کے لئے بين الاقوامي مالياتي فنڈ اور يورپي يونين کي شرائط اور ان کي بتائي ہوئي تدابير پر عمل کرنے کي کوشش کي ہے جس کے نتيجے ميں ان حکومتوں کو اقتصادي بحران کے ساتھ ہي عوام کي ناراضگي کا بھي سامنا کرنا پڑ رہا ہے -
.......
/169