7 مئی 2012 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن وثبات اور استحکام علاقائي ممالک کے امن و استحکام سے جڑا ہوا ہے اور افغانستان میں ہرطرح کی بدامنی اور عدم استحکام سے ایران کے امن و استحکام پر بھی اثر پڑے گا۔

ابنا: رامین مہمان پرست نے آج ہفتہ وار پریس بریفنگ میں امریکہ اور افغانستان کے اسٹریٹیجک سکیورٹی معاہدے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علاقائي ملکوں بالخصوص افغانستان میں عدم استحکام اور بدامنی کی وجہ امریکہ اور اسکے اتحادیوں کی فوجی موجودگي ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں علاقائي ممالک بالخصوص ہمسایہ ممالک امن و ثبات قائم کرنے میں اہم کردار کے حامل ہیں لیکن اس کے باوجود امریکہ اور اسکے اتحادیوں کی فوجیں افغانستان میں موجود ہیں۔

انہوں نے فرانس کے صدارتی انتخابات میں سارکوزی کی شکست کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ فرانسیسی عوام سارکوزی کی پالیسیوں سے ناراض ہیں۔ مہمان پرست نے کہا کہ مشرق وسطی کے مسائل افغانستان کے بحران میں فرانس کی مداخلت نیز ملت ایران کے خلاف منفی رویے اور امریکہ کی پیروی کرنے کی غلط پالیسی اختیار کرنے سے فرانس کے عوام کی خودمختاری کو نقصان پہنچا ہے اور فرانسیسی عوام ان ہی مسائل کی وجہ سے سارکوزی کی حکومت سے ناراض ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان مہمان پرست نے ایران اور یورپی ملکوں کے درمیاں تعاون کی بےپناہ توانائيوں بالخصوص ایران اور فرانس کے دیرینہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ فرانس میں سوشلسٹ حکومت کے برسراقتدار آنے سے ماضی کی غلطیاں کا تدارک کیا جائے گا۔ انہوں نے شام میں پارلیمانی انتخابات کو اصلاحات کی طرف حکومت شام کی پیش قدمی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں ملت شام کی بھرپور شرکت اس کی سیاسی بالغ نظری کا ثبوت ہے جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ ملت شام سیاسی راہوں اور پرامن طریقوں سے ملک کا بحران حل کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور علاقائی ممالک سے اپیل کی کہ شام میں کوفی عنان کے منصوبے کی حمایت کریں۔ .......

/169