28 اپریل 2012 - 19:30

رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے محنت کو ہر ملک کی دائمی ترقی اور حیات کی بنیاد قرار دیا ہے۔

ابنا: رہبرانقلاب اسلامی نے آج مثالی مزدوروں اور دارو پخش گروپ آف کمپنیز کے مزدوروں کے ایک گروہ سے خطاب میں محنت کشوں اور ملت ایران کو ہفتۂ مزدور کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ کام و محنت اپنے وسیع معنی میں جو کہ محنت مزدوری، جسمانی کام، فکری، علمی اور منیجمینٹ کا کام ہو یہ سب ہر معاشرے کی دائمی ترقی اور حیات کی بنیاد ہیں۔

رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ سوشلسٹ اور سرمایہ دار حکومتيں مزدوروں اور محنت کشوں کا استحصال کرتی ہیں لیکن اسلام نے ان مکاتب کے برخلاف محنت کشوں سے صداقت اور مستحکم منطق سے پیش آتے ہوئے محنت کو خود نہایت اہم اور اہم امور کا سبب قرار دیا ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے تاکید فرمائي کہ مشاغل اور محنت کشوں کے تعلق سے کی جانے والی منصوبہ بندی اور اقدامات زیادہ سے زیادہ اسلامی منطق و اصولوں پر مبنی ہونے چاہییں۔ آپ نے سرمائے اور افرادی قوت کو قومی پیداواری تحریک کی دو بنیادیں قرار دیا جن پر ملک کی پیشرفت کا دارومدار ہے۔

آپ نے فرمایا کہ ملک میں مشاغل اور سرمائے کا احترام کرنا چاہیے تاکہ حقیقی معنی میں قومی پیداوار سامنے آسکے۔ آپ نے فرمایا کہ دشمنوں کی اقتصادی سازشوں کا مقابلہ محنت کشوں، سرمایہ داروں اور سرکاری و نجی شعبوں کے ماہرین کی ہمت سے کیا جاسکتا ہے اور عوام کو بھی ملک میں تیار کی گئي اشیاء کا استعمال کرکے دشمن کا مقابلہ کرنے کا عزم ظاہر کرنا چاہیے۔

آپ نے فرمایا کہ ایرانی حکومت قومی پیداوار کے مسئلے پر تاکید کرتی ہے تاہم اس شعبےمیں بنیادی اقدامات کی ضرورت ہے اس کے علاوہ ایرانی معیشت کی بنیادوں کو مستحکم کرنے کے لئے مجریہ، مقننہ اور عدلیہ کی بھر پور کوششوں کی ضرورت ہے۔.......

/169