24 مارچ 2012 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر جناب ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے نوروز کو اقوام عالم کیلئے امن و دوستی اور سلامتی کا نوید دہندہ قرار دیاہے۔

ابنا: صدر مملکت نے آج تاجیکستان کے دار الحکومت دوشنبہ میں نوروز کے تیسرے عالمی جشن میں شرکت اور اس سلسلے میں پوری دنیا اور خاص طور سے اس تہذیب کی حامل قوموں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے تاکید کے ساتھہ کہا کہ نوروز کا عالمی دن اس بات کا بہترین موقع ہے تاکہ انسانی اقدار کی بنیاد پر عالمی امن و سلامتی کیلئے یکجہتی پیدا کی جائے۔ جناب ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے علاقائی ملکوں میں جشن نوروز کی نمایاں خصوصیات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے سال میں عالمی رائے عامہ مختلف ملکوں کے درمیان سیاسی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کا مشاہدہ کرے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ نوروز انسانی اقدار کا حامل ہے جو عالمی بشریت کو جارحین کے مقابلے میں استقامت و مزاحمت اور انصاف کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر جناب ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے اسی طرح نوروز کا جشن منانے والی قوموں کو دنیا میں امن و دوستی کا علمبردار قرار دیا۔

تاجیکستان میں تیسرے عالمی جشن نوروز میں شریک پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے بھی کہا کہ پاکستانی وفد نے اس مقصد کے ساتھہ دوشنبہ کا دورہ کیا ہے تاکہ وہ اپنے تاجیکی ،ایرانی اور افغانی بھائیوں کے ساتھہ جشن نوروز منائے اور اس تقریب کی قدردانی کرے۔ انھوں نے ایران و تاجیکستان میں جشن نوروز کے اہم مقام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس عید کا بین الاقوامی ہونا مستقبل میں اس جشن سے متعلق دیگر اقوام میں رجحان پیدا ہونے کا باعث بنے گا۔

افغانستان کے امور میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی یان کوبیش نے بھی اس تقریب میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کا پیغام پڑھکر سناتے ہوئے اس جشن میں شریک ملکوں کے سربراہوں اور نوروز کا جشن منانے والی تمام قوموں کو مبارک باد پیش کی ۔ انھوں نے نوروز کو دوستی و برادری کے ایک اہم ذریعے اور کاشتکاروں کی عید سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اس سطح پر جشن کے اہتمام سے دیگر قوموں کی جانب سے بھی اسی طرح کے بہتر سے بہترمراسم کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی۔ نوروز کی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے مشترکہ مذہب و زبان رکھنے والے مسلمان بھائیوں کی جانب سے اس طرح کا جشن منائے جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔

انھوں نے نوروز کا جشن منانے والے ملکوں کی ثقافت میں اس روز کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فارسی زبان بولنےوالوں کی اس بڑی عید کی بعض خصوصیات سے دیگر اقوام کی آگاہی نے دیگر اقوام کے درمیان ان مراسم کی مقبولیت میں ماضی کی نسبت کہیں زیادہ اضافہ کیا ہے۔ افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے کہا کہ اس سلسلے میں ایرانی و تاجیک شعراء کے اشعار اور ان ملکوں کے قلمکاروں کے ادبی شاہکار اس بات کو ثابت کرتے ہیں کہ نوروز دیرینہ اور قدیمی تاریخ کا حامل ہے جو نوروز کا جشن منانے والے ملکوں کی ثقافت میں اپنا گھر کرچکا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ نوروز کے تیسرے عالمی جشن میں اسلامی جمہوریہ ایران ۔ تاجیکستان۔ پاکستان اور افغانستان کے صدور کے علاوہ اس ثقافت کے حامل بیس سے زائد ملکوں کے نمائندے شریک ہیں جبکہ عالمی ثقافتی میراث کی فہرست میں قدیمی عید کی حیثیت سے نوروز کے اندراج کے بعد گذشتہ دو برسوں کے دوران نوروز کے پہلے اور دوسرے عالمی جشن کی میزبانی کے فرائض اسلامی جمہوریہ ایران نے انجام دئے تھے۔.......

/169