4 جنوری 2012 - 20:30

عرب ليگ کے مبصرين کے اس اعتراف کے بعد بھي کہ شام ميں ان کا مشن اچھے طريقے سے جاري ہے امريکي صدر کے ترجمان جے کارني نے کہا ہے کہ شام نے عرب ليگ سے اپنے وعدے پرعمل نہيں کيا ہے -

ابنا: وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے عرب ليگ کے مبصرين کے اعتراف کو نظرانداز کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگيا ہے کہ سلامتي کونسل شام پر دباؤ ڈالنے کےلئے عملي اقدام کرے - اس دوران امريکا کے ساتھ فرانس نے بھي شام ميں عرب ليگ کے مبصرين کے کام ميں مداخلت کرتے ہوئے اپنے ايک بے بنياد دعوے ميں جس کا مقصد عرب ليگ کے مبصرين کے کام ميں دخل اندازي کرنا ہے، کہا ہے کہ عرب ليگ کے مبصرين کے مشن کي شرائط کو شفاف ہونا چاہئے -


فرانس کے وزير خارجہ ايلن ژوپا نے بھي کہا ہے کہ اگر ہميں اپنے مدنظر مقاصد حاصل نہ ہوئے تو پھر اقوام متحدہ کي سلامتي کونسل کے ذريعے قدم اٹھائيں گے تاکہ يہ کونسل عرب ليگ کے مشن کے تعلق سے شام کي شرائط کے بارے ميں کوئي حتمي فيصلہ کرے -

فرانس کے اس موقف پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے عرب ليگ کے ڈپٹي سکريٹري جنرل اور شام جانےوالے عرب ليگ کے مبصرين کي ٹيم کي کاروائيوں کے نگراں عدنان الخضير نے کہا ہے کہ عرب ليگ کے پروٹوکول کے مطابق شام گئے ہوئے مبصرين کا کام پروگرام کے مطابق جاري ہے اور اس ميں روز بروز پيشرفت ہورہي ہے-

علاوہ ازيں شام ميں موجود عرب ليگ کے مبصرين کي ٹيم کے سربراہ نے بھي شام کے شمال مغربي شہر ادلب ميں کہا ہے کہ ان کي ٹيم نے منگل کو اس صوبے کے سلقين اور حارم شہروں کا بھي دورہ کيا ہے جہاں حالات بالکل معمول پر تھے - انہوں نے کہا کہ ان علاقوں ميں تشدد اور بدامني کے کوئي آثار نظر نہيں آئے -


دوسري طرف شام کي وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے ايک بيان ميں کہا ہے کہ امريکا شام کے اندر مسلح عناصر کے ذريعے حالات کو خراب کرنے کي کوشش کررہا ہے- شامي وزارت خارجہ کے ترجمان جہاد مقدسي نے کہاکہ عرب ليگ کے مبصرين کے ساتھ شام کے وسيع تعاون اور اس سلسلے ميں عرب ليگ کے اعتراف کے باوجود امريکا مسلح گروہوں کي حمايت کرکے شام کے اندر بدامني کو ہوادينے کي کوشش کررہا ہے -


شام کے خلاف امريکا اور فرانس کا مخاصمانہ موقف ايک ايسے وقت سامنے آرہا ہے جب عرب ليگ کے مبصرين کي ٹيم کہ جس نے گذشتہ ہفتے سے شام کے حالات کا صحيح اندازہ لگانے کے لئے اس ملک ميں اپنا کام شروع کرديا ہے اور اب تک شام کے مختلف شہروں ميں پچاس سے زائد مشن انجام دے چکي ہے -

اس دوران بشار اسد کي حکومت کي حمايت ميں پورے ملک ميں جلوس اور ريلياں بھي نکالي جارہي ہيں - چنانچہ جمعرات کو بھي دمشق اور ديرالزور شہروں ميں بڑي تعداد ميں شامي باشندوں نے ريليوں ميں شرکت کرکے شام کے صدر بشار اسد کي طرف سے اعلان کردہ اصلاحات کي حمايت کا اعلان کيا -

دمشق ميں شامي باشندوں کي ايک بڑي تعداد نے اپنے ملک کے خلاف مغرب کے حمايت يافتہ ذرائع ابلاغ کے پروپيگنڈوں کي مذمت کرتے ہوئے صدربشار اسد کي بھرپور حمايت کا اعلان کيا- مظاہرين نے حکومت کي طرف سے اعلان کردہ اصلاحات کي بھي حمايت کا اعلان کرتے ہوئے قومي اتحاد کو زيادہ سے زيادہ مضبوط بنانے کي ضرورت پر زور ديا -
........

/169