21 دسمبر 2011 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے ایران کے خلاف خلیج فارس تعاون کونسل کے عرب ملکوں کے بیان کی مذمت کی ہے۔

ابنا: رامین مہمان پرست نے خلیج فارس تعاون کونسل کے ملکوں کے اس الزام کو سختی سے مسترد کیا کہ ایران ان ملکوں میں مداخلت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ الزامات اس کونسل کے ملکوں کے یکطرفہ دعوے ہیں اور ان ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات پرحاکم انسانی جذبات کے منافی ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی اچھی ہمسائيگي، باہمی احترام، اور دوسرے ملکوں کے امور میں عدم مداخلت کے اصولوں پرمبنی ہے ۔

انہوں نے علاقے کے عوام کے مطالبات کا منطقی جواب دئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی اور کہا کہ قوموں کے خلاف تشدد کے استعمال سے نہ صرف مشکلات حل نہیں ہونگي بلکہ علاقے میں بدامنی اور عدم استحکام میں اضافہ ہی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خلیج فارس تعاون کونسل کے بیان میں ایران کے خلاف امریکہ کے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کو دوہرایا گيا ہے جبکہ یہ توقع کی جارہی تھی کہ امریکہ کے الزامات کی مذمت کی جائے گي۔قابل ذکر ہے خلیج فارس تعاون کونسل نے گذشتہ روز اپنے بتیسیویں سربراہی اجلاس کے اختتام پر ایک بیان میں ایران پر اس کونسل کے ملکوں میں مداخلت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی خلیج فارس تعاون کونسل نے صیہونی حکومت کی غیر قانونی ایٹمی سرگرمیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔........ /169