20 دسمبر 2011 - 20:30

عالمی امور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مشیر علی سعید لو نے خطے کے بعض ممالک خصوصا شام کے بارے میں بعض یورپی حکومتوں کے مخاصمانہ اور دوہرے رویۓ پر تنقید کی ہے۔

ابنا: سعید لو نے موریطانیہ کے دارالحکومت نواکشوت میں اس ملک کے وزیر خارجہ حمدی ولد حمدی سے ملاقات میں کہا کہ شام میں ہر طرح کی فوجی مداخلت اور اس ملک کی حکومت کے مخالفین کو مسلح کرنا ایک شرپسندانہ اقدام ہے جس سے اجتناب کیا جانا چاہۓ۔ سعید لو نے اسلامی بیداری کی تحریک اور پٹھو حکمرانوں کی برطرفی کی جانب اشارہ کرتے ہوۓ کہا کہ آج ساری دنیا میں حریت پسندی اور انصاف طلبی کی آواز بلند ہوچکی ہے اور ساری دنیا کے عوام بیدار ہو چکے ہیں اور پٹھو حکمرانوں کی برطرفی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور اس کے مقابل آزاد اور انصاف پسند ملک ترقی و پیشرفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام کے درمیان اتحاد کی تقویت تسلط کے نظام اور منہ زور طاقتوں کی شکست کا سب سے اہم سبب ہے۔

موریطانیہ کے وزیر خارجہ نے بھی اس ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار اور مواقف کو سراہا اور ایران کی جانب سے عالمی سطح پر عدل و انصاف اور بھائي چارے کی حمایت کۓ جانے کو اسلامی ممالک کے لۓ باعث فخر قرار دیا اور کہا کہ علاقائی اور عالمی امور کے سلسلے میں ایران اور موریطانیہ کے مواقف ایک جیسے ہیں۔ موریطانیہ کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ باہمی تعاون میں توسیع کی ضرورت پر بھی تاکید کی۔ .......

/169