ابنا: سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلامیے کے مطابق جمعہ کی صبح 9بجے سے ہفتہ17دسمبر کی صبح 9بجے تک سی این جی اسٹیشنز کیلئے گیس کی سپلائی بند رہے گی کمپنی اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ سی این جی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کو اعتماد میں لینے کے بعد کیاگیا ہے، کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈسٹری بیوشن سسٹم میں گیس کی سپلائی 950ایم ایم سی ایف سے کم ہو کر 750ایم ایم سی ایف روزانہ رہ گئی ہے اس لئے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کیلئے یہ شٹ ڈاوٴن ضروری ہے۔سی این جی اسٹیشنزکی بندش سے قبلجمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اور علی الصباح تمام اسٹیشنز کے باہر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھنے میں آئیں، ایسے سی این جی اسٹیشنزجو کہ مقررہ نرخ سے کم قیمت پر گیس فروخت کرتے ہیں انہوں نے بھی اچانک نرخ بڑھا دیئے تھے۔
آج صبح گیس کی بندش سے رکشہ ٹیکسی والے شدید پریشان نظر آئے، ان کا موقف ہے کہ سی این جی کی بندش سے ان کا کاروبار ٹھپ ہو جاتا ہے۔دوسری جانب شہر بھر میں بسیں، منی بسیں، کوچز مقررہ تعداد سے نہایت کم چلنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے اور وہ رکشہ اور ٹیکسیوں میں زائد رقم دے کر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ حکومت کی جانب سے مسلسل ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے شہر میں چلنے والی 8000منی بسوں اور کوچز سمیت 1500 بسیں جو ڈیزل سے سی این جی پر منتقل کرائی گئی ہیں، ان میں سے بیشتر گاڑیاں سی این جی کی بندش کی وجہ سے روٹ پر نہیں آ سکیں جبکہ نجی گاڑی مالکان بھی پریشانی کا شکار ہیں۔
...........
/169