ابنا: موصولہ رپورٹ کے مطابق ان کمانڈروں نے کہا ہے کہ لیبیا کے انقلابی سرت شہر کے ارد گرد اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں اور وہ اس شہر میں آسانی کے ساتھ داخل ہونے کے لۓ مزید اسلحے کا انتظار کررہے ہیں۔ انقلابیوں کا کہنا ہےکہ معمر قذافی کے بیٹے معتصم کو دو دن قبل بنی ولید شہر کے مشرق میں چالیس کلومیٹر کے فاصلے پر دیکھا گيا اور اس بات کا امکان پایا جاتا ہے کہ قذافی کا دوسرا بیٹا سیف الاسلام بھی اسی علاقے میں موجود ہے۔ لیبیا کے انقلابیوں نے سرت شہر میں داخل ہونے والے مشرقی راستے پر قبضہ کرلیا ہے۔ اور وہ اپنے حملوں کے نۓ مرحلے کو شروع کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ سرت شہر قذافی کی جاۓ پیدائش ہے اور اس نے اپنی حکومت کے زمانے میں اس شہر کو ایک سیاسی اور سیکورٹی قلعے میں تبدیل کردیا تھا یہی وجہ ہے کہ اس شہر کا محاصرہ کرنے والے انقلابیوں کو قذافی کے حامی فوجیوں کی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بنی ولید شہر کی صورتحال بھی سرت سے ملتی جلتی ہے ۔ اس شہر میں بھی قذافی کے حامی شدید مزاحمت کررہے ہیں۔
............
/169