17 ستمبر 2011 - 19:30

پاکستان کے آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی اور امریکی فوج کے سربراہ مائیک مولن نے اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لۓ پہلی بار ون آن ون ملاقات کی ہے ۔

ابنا: موصولہ رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت جنگ پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ جمعے کی رات کو پاکستان کے آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی اور امریکی فوج کے سربراہ مائیک مولن نے اسپین کے شہر سویل میں نیٹو کے اجلاس کے موقع پر آپس میں ملاقات اور مذاکرات کۓ۔ جان کربی نے کہا ہے کہ فریقین نے اس ملاقات میں اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات خطے کے مفاد میں ہیں اور اس بات کو بھی تسلیم کیا گیا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے دونوں جانب سے کئی اہم اقدامات کیے گئے۔ ملاقات میں تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جانے کے بارے میں بھی اتفاق کیا گيا۔ واضح رہے کہ پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں القاعدہ کے سرغنہ اسامہ بن لادن کے خفیہ مقام پر امریکی کمانڈوز کے حملے کے بعد پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کشیدہ ہوگۓ تھے اور اس حملے کے بعد دونوں ممالک کے آرمی چیفس کی یہ پہلی باہمی ملاقات ہے۔............ /169