30 اگست 2011 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران نے صومالیہ کے قحط زدہ افراد کے لۓ انسان دوستی پر مبنی امداد کی آٹھویں کھیپ آج دو کارگو طیاروں کے ذریعے ارسال کردی ہے۔

ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے شعبۂ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل پویا حاجیان نے کہا ہے کہ یہ امداد خیموں ، ادویات ، اشیاۓ خورد و نوش اور خشک دودھ پر مشتمل ہے اور اس کا وزن اسی ٹن ہے۔ یہ امدادی کھیپ صوبۂ تہران کے مغرب میں واقع کرج کے پیام ہوائي اڈے سے دو کارگو طیاروں کے ذریعے صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو روانہ کی گئي ہے۔
پویا حاجیان نے مزید کہا کہ اس سے قبل اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی نے صومالیہ کے عوام کے لۓ موغادیشو میں دو خیمہ بستیاں بھی قائم کی ہیں۔ انہوں نے صومالیہ کے عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لۓ پانچ ڈاکٹروں پر مشتمل ایک ٹیم اس ملک میں بھیجے جانے کی بھی خبر دی ہے۔
حاجیان نے مزید کہا کہ اس وقت بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کی امدادی ٹیمیں صومالیہ کے قحط زدہ عوام کو خدمات فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔
.............

/169