اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق بحرینی طلبہ نے سیدہ فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم مطہر میں ایک تصویری اور سمعی و بصری نمائش منعقد کی ہے۔ اس نمائش میں کوشش کی گئی ہے کہ تصویروں، خبروں اور ویڈیو کے ذریعے بحرین کے نہتے عوام پر ڈھائے جانے والے آل خلیفہ اور آل سعود کے مظالم کو زائرین اور مجاورین کے لئے فاش کیا جارہا ہے۔
اس نمائش میں ویڈیو دکھا کر آنے والے مہمانوں کو بحرین کے مسائل کے بارے میں بریفنگ بھی دی جاتی ہے۔نمائش کے مسئول جناب سید یاسین الموسوی نے ابنا کے ٹیلیفونک رابطے پر بتایا ہے کہ اس نمائش کا مقصد ان جرائم کا افشاء ہے جو آل خلیفی اور آل سعودی جلاد بحرین کے انقلابی عوام کے خلاف مرتکب ہورہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ نمائش دس دن تک جاری رہے گی تا کہ ایران کی رائے عامہ نیز حرم مطہر کی زیارت کے لئے آنے والے بیرونی زائرین بحرین کی اندرونی صورت حال سے آگہی حاصل کرسکیں۔ سید الموسوی نے کہا کہ بحرین میں قومی انقلاب جاری و ساری ہے اور کسی صورت میں بھی یہ رکے گا نہیں اور شہیدوں کا پاک لہو ہمارے انقلاب کو قوت بخشتا رہے گا۔ الموسوی نے انسانی حقوق کے تحفظ کی دعویدار عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی قوانین کے نفاذ کی نام نہاد حامی طاقتوں سے کہا کہ وہ اگر اپنے دعوؤں میں سچے ہیں تو بحرین کی نہتی قوم سے یکجہتی کا اعلان کریں، آل خلیفہ پر ظلم و جبر روکنے کے لئے دباؤ ڈالیں اور آل سعود کو بحرین سے فوری انخلاء کے لئے آمادہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم اپوزیشن راہنماؤں نے بحرین میں ہونے والے جرائم و مظالم کے بارے میں تحقیق کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اور یہ کمیٹی شواہد اور ثبوت اکٹھے کرکے بین الاقوامی عدالتوں کے حوالے کرے گی۔یار رہے کہ بحرین کی اپوزیشن سے وابستہ قانوندانوں نے ہیگ میں واقع جنگی جرائم کی بین الاقوامی عدالت میں آل خلیفہ خاندان کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے۔
تصاویر دیکھئے
||/








































انتهی/158