12 جنوری 2011 - 20:30

ڈیرہ بگٹی: فورسز کا اہلکار جاں بحق / جعفرآباد: گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ / بلوچستان: مین گیس لائن تباہ، صارفین کو متبادل انتظام کرنیکی ہدایت / بنوں:پولیس پر حملہ،2اہلکار جاں بحق / بلوچستان: واقعات میں3افراد ہلاک / کراچی: لیاری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، دو افراد زخمی۔

ڈیرہ بگٹی:فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی، اہلکار جاں بحق  ڈیرہ بگٹی میں سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے ایک اہلکار جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔لیویز ذرائع کے مطابق لوٹی کے علاقے میں گیس فیلڈ کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی دوران گشت بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ دیگر تین زخمی ہوگئے۔علاقہ لیویز موقع پر پہنچ گئی،زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر سوئی پی پی ایل اسپتال منتقل کردیا گیا، جاں بحق ہونے والے اہلکار کی شناخت انعام اللہ کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمی اہلکاروں میں ظہور، عبدالکریم اور عابد حسین شامل ہیں واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔  جعفرآباد کے قریب 18 انچ قطرکی گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ  بلوچستان کے علاقے جعفرآباد کے قریب نامعلوم افراد نے 18 انچ قطرکی گیس پائپ لائن دھماکا خیز مواد سے اڑا دی جس سے بلوچستان کے متعدد علاقوں کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا ڈیرہ الہ یار کے قریب سے گزرنے والی گیس پائپ لائن میں کیا گیا۔ گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد سے بلوچستان کے متعدد علاقوں کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد پولیس حکام نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔  مین گیس لائن تباہ، بلوچستان کے صارفین کو متبادل انتظام کرنیکی ہدایت  جنرل منیجرسوئی سدرن گیس کمپنی ہارون رشید نے کہا ہے کہ ڈیرہ الہ یار کے قریب بلوچستان کو گیس سپلائی کرنیوالی مین پائپ لائن تباہ کئے جانے سے صوبے کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی، گیس صارفین متبادل ایندھن کا انتظام کرلیں۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں جیو نیوزسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ الہ یار کے قریب تباہ کئے جانے والی پائپ لائن صوبے کو گیس فراہم کرنے والی مین پائپ لائن ہے اورتخریب کاری کی وجہ سے صوبے کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی ہارون رشید نے بتا یا کہ فی الوقت گیس پائپ لائنوں میں موجود گیس کو استعمال کیا جارہا ہے اور اس کے ختم ہوتے ہی صوبے بھر کو گیس کی فراہمی مکمل طور پر ختم ہو سکتی ہے اس لئے گیس صارفین متبادل ایندھن کا انتظام کرلیں۔جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی نے بتایا کہ پائپ لائن کی مرمت میں دو دن لگ سکتے ہیں۔  بنوں:پولیس وین پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ،2اہلکار جاں بحق  بنوں کے علاقے جانی خیل میں پولیس وین پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق اور5 اہلکار زخمی ہوگئے ،گذشتہ روز کے خود کش دھماکے میں جاں بحق 20افراد کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی ۔پولیس کے مطابق جانی خیل کے علاقے سردی خیل میں گشت کے دوران پولیس وین پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ کیا گیا ، دھماکے میں زخمی اہلکاروں کو بنوں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ،دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے ،دوسری طرف گذشتہ شام بنوں کے علاقے تھانا میریان پرکیے گئے خود کش حملے میں جاں بحق 20افراد کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی، علاقے میں جاری سرچ آپریشن میں اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے ، میریان روڈ سے بارود سے بھرے دو بیگ برآمد کرلیے گئے ہیں۔  بلوچستان:مختلف واقعات میں3افراد ہلاک  کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرمیں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف واقعات میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔جعفرآباد میں بجلی کے دو ٹاوراور سوئی گیس پائپ لائن اڑا دی گئی۔ پولیس کے مطابق قلعہ عبداللہ کے علاقے میں بم دھماکہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔شیرانی میں معمولی تکرار پر ایک شخص نے پتھر مارکر مدد کبزئی کو ہلاک کردیا جبکہ حب میں اٹھارہ سالہ نوجوان کامران ندی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا ۔ ضلع جعفرآباد میں نامعلوم افراد نے بجلی کے دو ٹاوراورصوبے کو گیس فراہمی کرنے والی اٹھارہ انچ قطر کی گیس پائپ لائن دھماکہ خیز مواد سے اڑا دی۔ ادھر کو ہلو بازار میں دوکان میں ہونے والے دھماکے سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔  کراچی: لیاری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، دو افراد زخمیکراچی کے علاقے لیاری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق لیاری کے علاقے جہاں آباد میں موٹر سائیکل پر سوران مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی،جس کے نتیجے میں 2افراد زخمی ہوگئے،زخمیوں کی شناخت 20 سالہ عبید اور 23 سالہ عدنان کے نام سے ہوئی ہے،جنھیں زخمی حالت میں طبی امداد کی فراہمی کے لئے سول اسپتال پہنچایا گیا ہے،ذرائع کے مطابق زخمیوں کا تعلق لیاری امن کمیٹی سے ہے اور واقعہ دشمنی کی بنیاد پر پیش آیا ہے۔

...........

/110