اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، امریکا نے پیر کی شب شام کو دہشت گردی کے معاون ممالک کی فہرست سے جبکہ ہیئت تحریر الشام (جبهة النصرہ) کو عالمی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ آج کیے گئے اقدامات سے شام میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی اور سیاسی و اقتصادی استحکام کو تقویت ملے گی۔
امریکی وزارت خزانہ نے کہا کہ یہ اقدامات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شام پر عائد پابندیوں میں کمی کے وعدے کے تحت کیے گئے ہیں۔
تاہم امریکی وزارت خزانہ نے دعویٰ کیا کہ شام سے متعلق امریکا کے حالیہ فیصلوں سے عالمی دہشت گردی کے خلاف کارروائی اور شام میں منفی کردار ادا کرنے والے عناصر کو جواب دہ بنانے کے عزم سے متعلق وزارت خزانہ کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
ہیئت تحریر الشام، جسے اس سے قبل جبهة النصرہ کے نام سے جانا جاتا تھا اور القاعدہ کی شاخ سمجھا جاتا تھا، کا دعویٰ ہے کہ اس نے 2016 میں القاعدہ سے اپنے تعلقات ختم کرلیے تھے۔
اے ایف پی کے مطابق، امریکا نے کچھ عرصہ قبل اعلان کیا تھا کہ وہ شام کو دہشت گردی کے معاون ممالک کی فہرست سے نکالنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس اقدام کو شام کے عبوری صدر احمد الشرع پر اعتماد کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ترکی میں ہونے والی نیٹو سربراہی کانفرنس کے موقع پر احمد الشرع سے ملاقات بھی کی تھی۔
آپ کا تبصرہ