ابنا: اطلاعات کے مطابق یہ مسافر طیارہ گزشتہ رات تہران سے صوبۂ مغربی آذربائیجان کے شہر ارومیہ کے لیے روانہ ہوا لیکن رات سات بج کر چالیس منٹ پر خراب موسم اور شدید دھند کے باعث ارومیہ ہوائی اڈے سے پانچ کلومیٹر دور گر کر تباہ ہو گيا۔ جس کے نتیجے میں 72 افراد جاں بحق اور بتیس زخمی ہو گئے۔ طیارے میں 92 مسافر اور عملے کے بارہ افراد سوار تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے اس حادثے پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مسافر طیارے کا تلخ اور دلخراش حادثہ اور متعدد ہم وطنوں کا مارا جانا اور زخمی ہونا سخت افسوس اور غم و اندوہ کا باعث بنا ہے۔ صدر مملکت نے اپنے تغزیتی پیغام میں بقیۃ اللہ الاعظم ارواحنا لہ الفداء ، رہبر انقلاب اسلامی، حادثے میں مرنے والے افراد کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کو اس حادثے کی تعزیت پیش کی اور مرنے والوں کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے وزیر ٹرانسپورٹ اور متعلقہ حکام کو اس حادثے کی فوری تحقیقات کا حکام دیا۔ دوسری جانب صوبۂ مغربی آذربائیجان کے گورنر نے اس صوبے میں تین روزہ عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔ گورنر کے سیاسی و سماجی امور کے مشیر ابراہیم فتح اللہی نے کہا ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گيا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
۔۔۔۔۔۔
/110
۔۔۔۔۔۔۔۔
/110