ارنا کی رپورٹ کے مطابق یوکیا امانو نے، جو ان دنوں روسی حکام کے ساتھ بات چیت کے لیے ماسکو کے دورے پر ہیں، بوشہر ایٹمی بجلی گھر کی سرگرمیوں کے پرامن ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ایران سے اپیل کی کہ وہ اپنے ایٹمی پروگرام کے سلسلے میں آئی اے ای اے اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون بدستور جاری رکھے۔ یوکیا امانو نے مزید کہا کہ روسی حکام کے ساتھ مذاکرات کے اہم ترین موضوعات میں، گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایران کے آئندہ مذاکرات کا موضوع شامل ہے۔ واضح رہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے یہ بیان بوشہر ایٹمی بجلی گھر کے ری ایکٹر کے مرکزی حصے میں کل ایندھن منتقل کرنے کے موقع پر دیا ہے۔ ایٹمی ری ایکٹر کے مرکزی حصے میں ایندھن کی منتقلی کے بعد اب ری ایکٹر میں فیول راڈ داخل کرنے کے مراحل انجام پائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110