ارنا کی رپورٹ کے مطابق منوچہر متکی نے آج برسلز میں کہا کہ ان کو امید ہے کہ نومبرکے مہینے میں اسلامی جمہوریہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے مذاکرات نتیجہ خيز ثابت ہوں گے۔ منوچہر متکی نے بلجیئم کے دارالحکومت برسلز پہنچنے کے بعد نامہ نگاروں کے سوال کے جواب میں اور نومبر میں مذاکرات کے سلسلے میں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی شعبے کی سربراہ کیتھرین ایشٹون کے بیانات کے ردعمل میں کہا کہ ایران نے پہلے ہی اکتوبر یا نومبر میں مذاکرات کۓ جانے کے بارے میں اپنی آمادگی کا اعلان کردیا تھا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ منوچہر متکی نے پاکستان کی مدد سے متعلق ایران کے موقف کے بارے میں کہا کہ ایران پاکستان کی مشکلات کے حل کے لۓ جو مدد بھی کرسکے گا کرے گا۔ واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی امداد و نجات تنظیم کی جانب سے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب تک چوبیس کیمپ لگاۓ جاچکے ہیں۔ جو چودہ ہزار خیموں پر مشتمل ہیں۔ اس کے علاوہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر کمیٹی نے پاکستان میں سات بڑے کیمپ لگاۓ ہیں جہاں اسلامی جمہوریہ ایران کے پچاس امدادی کارکن اور ڈاکٹر سیلاب سے متاثرہ افراد کو طبی امداد کی فراہمی میں مصروف ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110