گیلانی نے کہا کہ اس قدرتی آفت کا مقابلہ محض سرکاری وسائل سے نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب میں پھنسے افراد کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، سیلاب سے ملک کے بیشتر حصوں میں تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے سیلاب کے پیش نظر سرکاری افطار اور عید کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے تیرہ سو سے زائد افراد جاں بحق اور سولہ سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ متاثرین کی تعداد دو کروڑ سے زائد ہے، نیز سیلاب سے اب تک سات ہزار سے زائد مکانات بھی تباہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سیلاب اور دہشت گردی سے ملکی معیشت شدید متاثر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے57 ہیلی کاپٹر اور نو سو سے زائد کشتیاں کام کر رہی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو اس وقت توانائی کے بحران کا سامنا ہے۔ ہم متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیلاب میں پھنسے چار لاکھ کے قریب متاثرین محفوظ مقامات تک پہنچائے۔ پاکستانی وزير اعظم نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے عالمی برادری سے بھی اپیل کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
/110