17 اگست 2010 - 19:30

ایک افغان روزنامے نے فاش کیا ہے کہ افغانستان میں امریکی سیکورٹی کمپنی نے طالبان کے ساتھ ساز باز کرلی ہے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق کابل سے شائع ہونے والے اخبار "آرمان ملی" نے اپنے جمعرات کے شمارے میں لکھا ہے کہ نجی سیکورٹی کمپنیان طالبان کو رشوت دیتی ہیں تا کہ وہ بیرونی افواج کے سپلائی قافلوں پر حملہ کریں۔ روزنامے نے لکھا ہے کہ یہ بیرونی نجی کمپنیاں بیرونی افواج کے سپلائی قافلوں کی حفاظت کی ذمہ دار ہیں تاہم وہ قافلوں پر طالبان کے حملوں کا بازار گرم رکھنے کے لئے طالبان کو رشوت دے کر ان قافلوں پر حملے کرواتی ہیں۔ آرمان ملی نے لکھا ہے کہ بیرونی نجی کمپنیاں بیرونی افواج کے سپلائی قافلوں کی حفاظت کا کام بدستور اپنے پاس رکھنا چاہتی ہیں اور باور کرانا چاہتی ہیں کہ افغانستان میں ان کی موجودگی نہایت ضروری ہے۔ روزنامے نے لکھا ہے کہ بلیک واٹر ان ہی بیرونی نجی کمپنیوں میں سے ایک ہے جس نے طالبان کے ساتھ ساز باز کررکھی ہے۔ یادرہے کہ بلیک واٹر کی متنازعہ سرگرمیاں پاکستان میں بھی بہت سے خدشات کا سبب بنی ہوئی ہیں اور کئی سیاسی راہنماؤں نے اس کمپنی پر اب تک متعدد دہشت گرد کاروائیوں کا الزام عائد کیا ہے اور عجب یہ ہے کہ افغانستان پر قابض بیرونی افواج کے لئے سپلائی قافلوں پر سب سے زیادہ حملے بھی پاکستان کی حدود میں ہوتے رہتے ہیں اور اس سے زیادہ عجب یہ کہ ان حملوں میں ملوث حتی ایک فرد بھی اب تک گرفتار نہیں ہوسکا ہے۔ .........

/110