17 اگست 2010 - 19:30

آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے غزہ کے حامیوں پر صہیونی فوجی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں صہیونیوں کے اس جرم پر خاموش نہیں رہنا چاہئے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے ملاقات کے لئے آنے والی خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا: صہیونی ریاست نے غزہ کا محاصرہ توڑنے کی نیت سے امدادی سامان لے کر غزہ جانے والے قافلے پر حملہ کرکے کئی افراد کو شہید اور زخمی کیا ہے اور ہمیں صہیونی ریاست کے اس قسم کے جرائم کے مقابلے میں ہرگز خاموش نہیں رہنا چاہئے۔ انھوں نے کہا: صہیونی ریاست اس وقت خطے میں مغرب کا اڈہ ہے اور اس ریاست نے گذشتہ تین برسوں سے غزہ کی ناکہ بندی کررکھی ہے اور غزہ کے عوام ضرورت کی اشیاء سے بالکل محروم ہیں، صہیونیوں نے غزہ کی ناکہ بندی کی ہوئی ہے تو افسوس کا مقام ہے کہ مصر نے بھی 22 روزہ جنگ کی طرح اب تک صہیونی مفادات کی خدمت اپنا مقصد بنا لیا ہے اور مصر صہیونی مفادات کی حفاظت کے لئے سرگرم عمل ہے۔ انھوں نے غزہ کے عوام کو امداد بھیجنے کے سلسلے میں بعض اسلامی ممالک کا شکریہ ادا کیا اور کہا: اب جبکہ ترکی سمیت بعض اسلامی ممالک نے غزہ کی ناکہ بندی توڑنے اور سمندر کے راستے غزہ کے عوام کو امداد پہنچانے کی کوشش کی ہے تو صہیونیوں نے ان کا راستہ بھی روک لیا ہے۔ انھوں نے کہا: امام خمینی رحمةاللہ علیہ نے ولایت فقیہ کا نظام قائم کرکے ہمیں اسلامی اقدار کا تحفہ دیا اور امام خمینی رحمةآللہ علیہ کی پیروی کا اہم ترین اظہار یہ ہے کہ ہم استبداد اور استکبار کے خلاف جدوجہد کریں اور دنیا کے ہر حصے میں مستضعفین کو مدد پہنچائیں۔ حضرت آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے مزید کہا: آج دنیا کے تمام مستکبرین امام خمینی رحمةاللہ کے متعارف کئے ہوئے خالص اسلام کے سامنے عاجز آگئے ہیں اور ہم سب کا فریضہ یہ ہے کہ اسلامی اقدار اور ولایت فقیہ کے اصول کا اپنے پورے وجود سے تحفظ کریں۔......./110