8 ستمبر 2026 - 17:12
یمنی حملوں میں سعودی عرب کے 73 شہری زخمی، توانائی تنصیبات میں آگ بھڑک اٹھی

سعودی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ یمنی حملوں میں سعودی عرب کے چار شہروں میں 73 شہری زخمی ہوئے ہیں، جبکہ وزارت توانائی کے مطابق جنوبی علاقوں میں توانائی کے متعدد مراکز کو نشانہ بنائے جانے کے بعد مختلف مقامات پر آگ لگ گئی اور بعض سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی گئیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سعودی وزارت توانائی نے منگل کے روز اعلان کیا کہ ملک کے جنوبی علاقے میں توانائی کے شعبے سے وابستہ متعدد تنصیبات اور مراکز کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔

سعودی وزارت توانائی کے ایک ذمہ دار عہدیدار نے بتایا کہ صبح کے وقت جنوبی علاقے میں توانائی کی متعدد تنصیبات پر حملے کیے گئے، جس کے فوراً بعد متعلقہ اداروں کی خصوصی ٹیمیں صورتحال سے نمٹنے اور ضروری اقدامات کے لیے متحرک ہوگئیں۔

عہدیدار کے مطابق حملوں کے نتیجے میں مختلف مقامات پر آگ لگ گئی، جس کے باعث بعض سرگرمیاں عارضی طور پر روکنا پڑیں۔ امدادی اور فنی ٹیموں نے آگ پر قابو پانے، متاثرہ علاقوں کو محفوظ بنانے اور نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے کارروائی شروع کردی۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں متعدد سعودی شہری اور مقیم افراد مختلف نوعیت کے زخموں کا شکار ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جبکہ نقصانات کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ یمنی فورسز کی جانب سے سعودی عرب کے چار شہروں میں شہری اور اقتصادی اہداف پر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں 73 شہری زخمی ہوئے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha