اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ خلیل الحیہ نے غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے حالیہ حملوں کے بعد کہا ہے کہ حماس ان حملوں کا سلسلہ جاری رہنے پر خاموش نہیں رہ سکتی۔
الحیہ نے کہا:’قتلِ عام اور محاصرے کی صورتحال کو جنگ بندی معاہدے کے تحت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حماس، ’’معاہدے کی خلاف ورزی اور روزانہ قتلِ عام کی پالیسی‘‘ کا جواب دینے کے طریقے پر دوسرے فلسطینی گروہوں سے بات چیت کرے گی۔
حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ’’فلسطینیوں کا خون قیمتی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ قابضین کے جرائم پر ’’امن کونسل‘‘ اور جنگ بندی معاہدے کی ضمانت دینے والے ممالک کی خاموشی قابل قبول نہیں ہے۔
خلیل الحیہ کے یہ بیانات غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کی نئی لہر اور جنگ بندی معاہدے کے باوجود فلسطینی شہداء کی تعداد میں اضافے کے ردعمل میں سامنے آئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، صیہونی حکومت کے شدید حملے گزشتہ ہفتے منگل سے جمعرات تک مسلسل تین روز جاری رہے۔ غزہ کے طبی ذرائع نے بتایا کہ ان حملوں میں کم از کم 10 فلسطینی شہید ہوئے۔
ان حملوں میں سے ایک میں غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے دیر البلح میں ایک اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں خالد ابوندہ شہید ہو گئے۔ وہ حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اور اس تحریک میں نائب وزیر تعلیم تھے۔
غزہ کی وزارت صحت کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، جسے خبر رساں ادارے وفا نے آج رپورٹ کیا ہے، 11 اکتوبر 2025 (19 مہر 1404) کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک غزہ کی پٹی میں 1705 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
دریں اثنا، صیہونی حکومت غزہ کی پٹی میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کیے جانے والے سامان کی آمد پر سخت پابندیاں عائد کیے ہوئے ہے۔ وہاں کے لوگوں کو پناہ جیسی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
آپ کا تبصرہ