26 نومبر 2026 - 16:15
غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے دوران حماس رہنما اہلیہ اور بچوں سمیت شہید

تازہ کارروائیاں، الشاطی کیمپ میں ڈرون حملے، 6 فلسطینی شہید

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جہاں تازہ ترین فضائی اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں حماس کے ایک سینئر رہنما اپنے اہل خانہ سمیت شہید ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ اور اسپتال ذرائع کے مطابق، اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں ایک فضائی حملے کا نشانہ بناتے ہوئے حماس کے داخلی سلامتی کے سینئر عہدیدار محمد ابوعلوف کو شہید کردیا۔ اس حملے میں حماس رہنما کی اہلیہ اور ان کے 2 بچے بھی جام شہادت نوش کرگئے۔

عرب میڈیا اور اسپتال ذرائع کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق، مغربی غزہ کے الشاطی پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ اس سے قبل مشرقی غزہ کے علاقے التفاح میں ہونے والے ایک اور ڈرون حملے میں بھی 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ان حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، جس سے علاقے کی شہری آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ غزہ میں حماس کی قیادت کو پہلے ہی نشانہ بنا چکے ہیں اور اب حماس کے سربراہ خلیل الحیہ کی بھی باری آئے گی، جنہیں مبینہ طور پر اسماعیل ہنیہ کے پاس بھیجا جائے گا۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ترکیہ کی جانب سے حماس کی سرگرمیوں کی حمایت کی جا رہی ہے۔

ٹیگز:

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha