اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران لاہور پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نہ تو نظر بند ہیں اور نہ ان کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی عائد کی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کسی مقدمے میں مطلوب نہیں، ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں اور نہ ہی ان کی گرفتاری کا کوئی امکان ہے۔
یہ معاملہ اس درخواست کے ذریعے عدالت کے سامنے لایا گیا تھا جو جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 24 نومبر کو دائر کی تھی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر حبسِ بے جا میں رکھا گیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور کسی شخص کو گھر میں داخل ہونے یا وہاں سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کو لاہور بار کونسل کی ایک تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، تاہم اُسی روز جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ’ریاستی حصار‘ میں ہیں۔
عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں لاہور پولیس نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں اور ان کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی زیرِ غور نہیں۔
آپ کا تبصرہ