بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی آبنا؛ مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ عبداللہ جوادی آملی نے "ہفتۂ بسیج" اور بسیجِ مستضعفین کی تشکیل کے بارے میں امام خمینی (رضوان اللہ تعالیٰ علیہ) کے تاریخی فرمان کا ذکر کرتے ہوئے انتظار کی تعلیمات و ثقافت میں بسیج کے کردار و مقام کی وضاحت کی۔
آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی نے فرمایا: حضرت ولی عصر (عَجَّلَ اللہُ تَعَالی فَرَجَہُ الشَّریف) کے ظہور کا انتظار، تقویٰ کے اعلیٰ درجات میں شامل ہے اور حضرت کے ظہور کے بہترین منتظر وہ لوگ ہیں جو تقویٰ کے راستے پر چلتے ہیں۔ آپ نے فرمایا: انتظارِ فَرَج صرف ایک قلبی عقیدہ نہیں بلکہ امام زمانہ (عَجَّلَ اللہُ تَعَالی فَرَجَہُ الشَّریف) کی مدد کے لئے تیاری بھی اس کی شرائط میں سے ہے۔
آیت اللہ جوادی آملی نے امام جعفر صادق (علیہ السلام) سے منقولہ ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے زور دیا کہ منتظرین کے لئے تیار رہنا ضروری ہے، چنانچہ جو شخص ظہور کا منتظر ہے اسے لازم تیاریاں کرنا چاہئیں؛ چاہے یہ تیاری ایک تیر تیار کرنے کی حد تک کیوں نہ ہو۔
آیت اللہ جوادی آملی نے اسلامی انقلاب کے مختلف ادوار میں بسیجیوں کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: امام خمینی (رضوان اللہ تعالیٰ علیہ) نے بسیجِ مستضعفین کی تشکیل کا فرمان جاریکرکے ان مؤمن قوتوں کے میدان میں آنے اور مصروف عمل ہونے کے لئے راستہ کھولا اور بسیجیوں نے انقلاب، مسلط کردہ جنگ، تعمیر و ترقی کے دور میں فعال کردار ادا کیا۔
انھوں نے فرمایا: بسیج کی میدان میں یہ مسلسل موجودگی 'انتظار کی روح' کی علامت ہے؛ اس راستے میں بسیجیوں نے بڑا قابل قدر کردار ادا کیا؛ تمام لوگ، خاص طور پر پیارے بسیجی، امام زمانہ (عَجَّلَ اللہُ تَعَالی فَرَجَہُ الشَّریف) کے انتظار میں سب سے بڑا کردار ادا کر رہے ہیں۔
آیت اللہ جوادی آملی نے دین کے راستے میں مختلف النوع کوششوں کی قدر و قیمت کا تذکرہ کرتے ہوئے نشاندہی کی: کبھی علما کی روشنائی کی بات ہوتی ہے اور کبھی ضربت و جہاد کی بات؛ ہر ایک اپنی جگہ قیمتی ہے اور انسان اپنی استطاعت کے مطابق اس راستے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بسیجیوں کی حمایت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بیان کیا: اگر کسی کو اس راستے میں براہ راست موجودگی اور سرگرمی کی توفیق نہیں، تو کم از کم وہ بسیجیوں کی حمایت کر سکتا ہے اور اس تحریک میں حصہ دار بن سکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترجمہ: فرحت حسین مہدوی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ