اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شیعہ مذہبی شخصیات کے خلاف آل خلیفہ حکومت کے سکیورٹی اور عدالتی دباؤ میں اضافے کے ساتھ ہی بحرین کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب 15 نومبر اور آج صبح 16 نومبر کو احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ یہ احتجاج درجنوں شیعہ علما کی گرفتاری اور ان کے خلاف مقدمات چلانے کے خلاف کیا گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، بحرینی شہریوں نے سترہ، کرزکان، کرانہ، ابوصبیع اور ابوقوہ سمیت مختلف علاقوں میں احتجاجی ریلیاں نکالیں اور گرفتار علما کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔
جزیرہ سترہ میں مظاہرین نے علما کی دینی اور قومی سطح پر حمایت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ان کے خلاف عدالتی کارروائی کی مخالفت کی۔ ابوصبیع میں عدالت کی تاریخ تبدیل کیے جانے کی خبر سامنے آتے ہی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور علما کے خلاف مقدمات کو شیعہ برادری کے خلاف کارروائی قرار دیا۔
کرزکان میں مظاہرین نے ’’ہم آپ کے ساتھ ہیں، اے علما!‘‘ جبکہ کرانہ میں ’’آپ کے فیصلے باطل ہیں‘‘ کے نعرے لگائے۔ اسی طرح ابوقوہ میں مظاہرین نے ’’ہماری وفاداری ہمیشہ علما کے ساتھ ہے، حمد کے ساتھ نہیں‘‘ کے نعرے لگا کر آل خلیفہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق، احتجاج کا دائرہ بلاد قدیم، حملہ اور سماہیج تک بھی پھیل گیا ہے۔ باربار اور سار کے علاقوں میں دیواروں پر احتجاجی تحریریں لکھی گئیں، جبکہ دراز میں گرفتار علما کی تصاویر کے ساتھ ’’صبر کی بھی ایک حد ہوتی ہے‘‘ کا نعرہ درج کرکے مختلف دیواروں پر آویزاں کیا گیا۔
احتجاج کی نئی لہر اس وقت مزید شدت اختیار کرگئی جب بحرین کے عدالتی حکام نے مذہبی شخصیات کے خلاف فیصلے سنانے کی تاریخ 22 نومبر سے تبدیل کرکے 16 نومبر کردی۔
بعض ذرائع کے مطابق، 60 سے زائد علما اور مذہبی شخصیات کو عدالتی کارروائیوں کا سامنا ہے۔ اس صورتِ حال نے مذہبی آزادیوں اور عدالتی عمل کے دوران ملزمان کے حقوق کی پاسداری کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے۔
بحرین کی حکومت کے مخالف گروہوں نے ان سکیورٹی اور عدالتی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے مقدمات روکنے اور گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
شیعہ مذہبی شخصیات کے خلاف سکیورٹی اور عدالتی کارروائیوں سے احتجاج کم ہونے کے بجائے حکومت اور بحرین کی شیعہ برادری کے درمیان خلیج مزید گہری ہوگئی ہے۔
بحرین کے مختلف علاقوں میں احتجاج کا مسلسل جاری رہنا ظاہر کرتا ہے کہ شیعہ علما کے خلاف مقدمات اب محض ایک عدالتی معاملہ نہیں رہے، بلکہ مذہبی آزادیوں پر پابندیوں اور آل خلیفہ حکومت کی سکیورٹی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کی علامت بن چکے ہیں۔
آپ کا تبصرہ