16 نومبر 2026 - 15:57
لبنان میں اسرائیلی پیش قدمی اور دوبارہ قبضے کی راہ میں صرف مزاحمت رکاوٹ ہے، حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ

حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ حسن عزالدین نے کہا ہے کہ اسرائیل سے مذاکرات اور سمجھوتے کے مقابلے میں مزاحمت کا راستہ کم نقصان دہ ہے۔ لبنان کے براہِ راست مذاکرات اور بین الاقوامی تعلقات اب تک کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکے، جبکہ اسرائیلی حملے اور تباہ کاریاں بدستور جاری ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، لبنان کی پارلیمنٹ میں وفاداری برائے مزاحمت پارلیمانی دھڑے کے رکن حسن عزالدین نے جنوبی لبنان کے شہر نبطیہ میں واقع قصبے کفرتبنن کے شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں مزاحمت کا آغاز 1982ء میں اسرائیلی قبضے اور جارحیت کے ردعمل میں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مزاحمت نے 2000ء میں اسرائیلی قابض فوج کو لبنان کی سرزمین سے نکلنے پر مجبور کیا اور اس کے بعد بھی اپنی دفاعی صلاحیت کے ذریعے اسرائیل کی مزید پیش قدمی اور جارحیت کا راستہ روکے رکھا۔

حسن عزالدین نے کہا کہ مزاحمت کا جائزہ صرف گزشتہ دو برسوں اور اس دوران اسے پہنچنے والے نقصانات کی بنیاد پر نہیں لینا چاہیے، کیونکہ اس تحریک نے کئی برسوں کے دوران لبنان کو امن، استحکام، عزت اور طاقت فراہم کی ہے۔

ان کے بقول، اسرائیل نے عام شہریوں کا قتل عام اور رہائشی علاقوں کی تباہی کے باوجود لبنان اور فلسطین میں اپنے فوجی اہداف حاصل نہیں کیے اور حزب اللہ و حماس آج بھی موجود ہیں۔

حزب اللہ کے اس رکن پارلیمنٹ نے مزاحمت کے ہتھیار برقرار رکھنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر مزاحمت ختم ہوچکی ہوتی یا اپنی دفاعی صلاحیت کھو چکی ہوتی تو اسرائیل جب اور جہاں چاہتا، پیش قدمی کرکے قبضہ کرسکتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل سے مذاکرات اور سمجھوتے کے مقابلے میں مزاحمت کا راستہ کم نقصان دہ ہے۔ لبنان کے براہِ راست مذاکرات اور بین الاقوامی تعلقات اب تک کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکے، جبکہ اسرائیلی حملے اور تباہ کاریاں جاری ہیں۔

حسن عزالدین نے لبنان کے سیاسی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی شرائط کے مطابق کیے گئے فیصلوں پر نظرثانی کریں اور ملک کی اندرونی صلاحیتوں اور وسائل پر توجہ دیں۔

انہوں نے قومی مکالمے، لبنانی گروہوں کے درمیان مفاہمت اور ملک کے انتظامی امور میں تمام سیاسی دھڑوں کی حقیقی شرکت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فریق لبنانی معاشرے کے دیگر طبقات سے اتفاق رائے کے بغیر تنہا ملک پر حکمرانی نہیں کرسکتا۔

حسن عزالدین نے مزاحمت کے نعرے ’’تحفظ اور تعمیر‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقصد لبنان اور اس کی علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کے ساتھ ایک مضبوط، باصلاحیت اور عادل ریاست کی تعمیر ہے، ایسی ریاست جو شہریت کی بنیاد پر قائم ہو اور جہاں تمام شہری یکساں حقوق اور فرائض کے حامل ہوں۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ مزاحمت کے شہداء کا راستہ جاری رہے گا اور ان کا خون ہم سب کے کندھوں پر ایک امانت ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha