15 نومبر 2026 - 15:47
لبنانی رکن پارلیمنٹ: اسرائیل جنگ بندی کے وعدوں پر عمل نہیں کررہا، فریم ورک معاہدہ بے نتیجہ رہا

حزب اللہ سے وابستہ پارلیمانی دھڑے ’’وفاداری برائے مزاحمت‘‘ کے رکن حسن عزالدین نے لبنان اور صیہونی حکومت کے درمیان ہونے والے نام نہاد ’’فریم ورک معاہدے‘‘ کو بے نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی دشمن جنگ بندی اور جنوبی لبنان پر حملے روکنے سے متعلق اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کررہا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، حسن عزالدین نے لبنانی حکام کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے حکمران قومی ترجیحات سے دور ہوچکے ہیں اور ملکی مفادات کے مطابق کام نہیں کررہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے راستے اختیار کررہی ہے جو دشمن کے مفاد میں ہیں۔ ان میں براہِ راست مذاکرات، فریم ورک معاہدہ اور امریکہ کے دباؤ اور اسرائیل کے احکامات کے تحت مزاحمت کو مجرمانہ قرار دینے کی کوششیں شامل ہیں۔

حسن عزالدین نے مزید کہا کہ ہماری امیدیں اب بھی اسلامی جمہوریہ ایران سے وابستہ ہیں، کیونکہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں لبنان ایک اہم معاملہ ہے۔

لبنانی پارلیمنٹ میں وفاداری برائے مزاحمت دھڑے کے رکن نے لبنان اور صیہونی حکومت کے درمیان نام نہاد فریم ورک مذاکرات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ لبنان جن مذاکرات میں شامل ہوا ہے، ان سے ملک کو کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے 2 مارچ (11 اسفند 1404) سے لبنان کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے شروع کیے تھے۔ ان حملوں میں متعدد لبنانی شہری شہید اور زخمی ہوئے، جبکہ دس لاکھ سے زائد افراد کو اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنا پڑی۔ جنوبی لبنان کے بعض علاقے اب بھی صیہونی حکومت کے قبضے میں ہیں۔

اس دوران لبنان اور صیہونی حکومت نے جولائی 2026 کے اوائل میں امریکہ کی ثالثی میں ایک ’’فریم ورک معاہدے‘‘ پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کا مقصد جنگ کا خاتمہ بتایا گیا تھا۔ یہ معاہدہ واشنگٹن میں دونوں فریقوں کے درمیان براہِ راست مذاکرات کے کئی ادوار کے بعد طے پایا تھا۔

تاہم تل ابیب اب تک اپنے وعدوں پر مکمل عمل درآمد سے گریز کررہا ہے اور اس کے ساتھ ہی رہائشی علاقوں، بالخصوص جنوبی لبنان کے سرحدی علاقوں پر حملے اور تباہی کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

صیہونی حکومت نے گزشتہ چند ماہ کے دوران جنوبی لبنان پر مسلسل حملوں اور فوجی جارحیت کے ذریعے بارہا اس ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی اور بنیادی ڈھانچے کا نقصان ہوا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha