اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، افریقی ممالک میں مساجد عبادت گاہوں کے علاوہ نوجوان نسل کی تربیت، ثقافتی شناخت کے تحفظ، سماجی شعور کے فروغ اور اخلاقی اقدار کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
افریقی ممالک اس وقت سماجی، ثقافتی اور نسلی تبدیلیوں سے گزر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں مساجد اپنے ائمہ، خطیبوں اور دینی مبلغین کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوامی شعور کی بلندی، اعتدال پسندی کے فروغ، سماجی اتحاد کو مضبوط بنانے اور دینی مفاہیم کی غلط تشریحات کا مقابلہ کرنے میں مؤثر کردار ادا کرسکتی ہیں۔
مصر، مراکش اور آئیوری کوسٹ کے تجربات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مساجد کی تعمیر و ترقی، ان کی مرمت اور ان کی ثقافتی و تعلیمی صلاحیتوں کو فعال بنانا ان ممالک کی دینی پالیسیوں کے اہم ترجیحی شعبوں میں شامل ہے۔
مصر؛ عوامی شعور اور نوجوان نسل کی تربیت میں مساجد کے کردار پر زور
مصر میں مساجد کے سماجی اور ثقافتی کردار پر توجہ دینی اداروں اور وزارتِ اوقاف کی سرگرمیوں کا ایک اہم حصہ ہے۔ مغربیہ صوبے کے گورنر علاء عبدالمعطی اور اس صوبے میں وزارتِ اوقاف کے نائب اسماعیل احمد اسماعیل کے درمیان ہونے والی ملاقات کے حوالے سے شائع شدہ رپورٹس کے مطابق، مساجد کی ترقی و دیکھ بھال، تبلیغی سرگرمیوں کے فروغ اور عوامی شعور بیدار کرنے والے پروگراموں میں اضافے کو ترجیح دی گئی ہے۔
اس ملاقات میں عوامی شعور کی تشکیل اور بالخصوص نوجوانوں میں دینی و اخلاقی اقدار کو مستحکم کرنے میں مساجد کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس کے علاوہ ثقافتی اور تبلیغی سرگرمیوں میں توسیع، اعتدال اور رواداری پر مبنی دینی فکر کے فروغ، ائمہ جماعت اور مبلغین کی سرگرمیوں کی حمایت اور مساجد میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا معیار بہتر بنانا بھی مصری حکام کی توجہ کے اہم امور میں شامل تھا۔
آپ کا تبصرہ