اہل بیت نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دالیا ایمن فرید حجاج غزہ کی ان لاکھوں فلسطینیوں میں شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ تین برس کے دوران جنگ اور بے گھری کی سختیاں برداشت کیں۔ شمال سے جنوب اور مشرق سے مغرب تک نقل مکانی، خیموں میں شدید گرمی، سردیوں کی بارش اور بھوک کے باوجود دالیا نے قرآن حفظ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
دالیا پیدائشی طور پر نابینا ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے وہ بریل رسم الخط میں قرآن پڑھتی تھیں اور انگلیوں کی مدد سے آیات حفظ کرتی تھیں، لیکن جنگ اور نقل مکانی کے دوران ان کا بریل قرآن ضائع ہوگیا۔ اس کے باوجود انہوں نے قرآن حفظ کرنے کا ارادہ ترک نہیں کیا۔
دالیا نے عربی میگزین «میم» کو بتایا کہ بریل قرآن سے محروم ہونے کے بعد انہوں نے ٹیکسٹ ریڈنگ پروگراموں اور روزانہ قرآن کریم سننے کی مدد سے حفظ کا سلسلہ جاری رکھا اور بالآخر پورا قرآن حفظ کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق دالیا ان 85 فلسطینی مرد و خواتین میں شامل ہیں جنہوں نے رواں موسمِ گرما میں جنگ سے تباہ حال غزہ میں حفظِ قرآن مکمل کیا۔ انہیں «نسلِ وحی قرآن» کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں اعزاز سے نوازا گیا۔
اس کے علاوہ رواں سال اکتوبر کے آغاز میں غزہ کے علاقے الزیتون میں واقع امام شافعی مسجد میں 250 مزید بچوں اور بچیوں کی قرآن حفظ کرنے پر حوصلہ افزائی کی گئی۔ یہ مسجد بھی جنگ کے دوران اسرائیلی فضائی حملے میں متاثر ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق جنگ اور تباہی کے باوجود غزہ میں بچوں، خواتین اور مردوں کی بڑی تعداد قرآن حفظ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کے لیے قرآن کریم مشکل حالات میں صبر، ایمان اور امید کا ذریعہ بنا ہوا ہے۔
آپ کا تبصرہ