اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ناقدین کا کہنا ہے کہ اقتدار سنبھالنے کے کچھ ہی عرصے بعد عراقی وزیراعظم علی الزیدی کے اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ عراق میں مزاحمتی قوتوں کی موجودگی اور ان کے ہتھیار ختم کرنے کے امریکی منصوبے پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔ ان اقدامات میں ایران کے خلاف معاشی محاصرہ کرنے کے لیے ہوائی اڈوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ سرحدی گزرگاہوں کو بند کرنے کی کوششیں بھی شامل ہیں۔
امریکی مداخلت کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائی جائے
بدر تنظیم کے رکن سلاح حسین نے خبر رساں ادارے المعلومہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ نے سرحدی گزرگاہیں بند کرنے کے لیے امریکہ کی جانب سے دباؤ اور احکامات دیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔ حکومت اور خود وزیر خارجہ کو چاہیے کہ وہ عراق کے داخلی امور میں امریکی مداخلت کے خلاف اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں فوری کارروائی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ عراق کے معاملات میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے اور اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتا ہے تاکہ عراقی عوام کو مشکلات سے دوچار رکھا جائے اور ایران کے خلاف محاذ آرائی کی جائے۔ واشنگٹن اس مقصد کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان دو گزرگاہوں کے سوا باقی تمام سرحدی گزرگاہیں بند کرانا چاہتا ہے۔ امریکی مداخلت سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن عراق کو ایران کے محاصرے میں شریک کرنا چاہتا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
سلاح حسین نے کہا کہ عراقی آئین ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات اور باہمی روابط پر زور دیتا ہے، لہٰذا امریکی دباؤ پر ایران کے ساتھ سرحدی گزرگاہیں بند کرنا آئین کے خلاف ہے۔ وزیر خارجہ کو آئین کے مطابق امریکی مداخلت اور احکامات کو مسترد کرنا چاہیے۔
امریکی منصوبے کا ہدف صرف مزاحمت نہیں، حشد الشعبی بھی ہے
عراق کی سابق پارلیمنٹ کے رکن محمد البیاتی نے بھی کہا کہ امریکہ صیہونی ریاست کے تحفظ کے لیے اپنے منصوبے پر عمل کر رہا ہے اور اس کے ذریعے عراق سمیت پورے خطے میں مزاحمت کی کسی بھی موجودگی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی عمل میں شامل بعض فریق نام نہاد ’’ہتھیاروں کو ریاست کے کنٹرول میں دینے‘‘ کے منصوبے کی حمایت کرکے اس امریکی منصوبے کا ساتھ دے رہے ہیں۔ امریکی منصوبہ صرف مزاحمت کے کردار کو ختم کرنے تک محدود نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک بڑا منصوبہ ہے، جس کا نشانہ حشد الشعبی بھی ہے۔ یہ وہی تنظیم ہے جس نے داعش کی دہشت گردی کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔
البیاتی نے کہا کہ امریکہ نے داعش کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کرنے والے کمانڈروں، شہید ابو مہدی المہندس اور شہید قاسم سلیمانی کو بھی نشانہ بنایا، کیونکہ امریکہ ہر اس قوت کے خلاف ہے جو داعش کے مقابل کھڑی ہوتی ہے، جبکہ داعش خود ایک امریکی منصوبہ تھا۔
عراق امریکہ کی کالونی نہیں کہ اس کے احکامات مانے
دولت قانون اتحاد کے رکن ابراہیم السکینی نے المعلومہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق امریکہ کی کالونی نہیں ہے کہ ٹرمپ حکومت بغداد پر اپنی مرضی مسلط کرسکے، خصوصاً دوسرے ممالک، جیسے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ عراق کے تعلقات کے معاملے میں۔
انہوں نے کہا کہ عراق اور ایران کے درمیان بہت سے مشترکہ امور اور گہرے روابط ہیں۔ امریکہ کے دباؤ اور منصوبے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان تعلقات کی نوعیت کو تبدیل نہیں کرسکتے، اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان بعض سرحدی گزرگاہیں بند کرنے یا پروازوں کو محدود کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
السکینی نے زور دیا کہ وزیراعظم کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو امریکی دباؤ کی حقیقت سے آگاہ کریں، کیونکہ ٹرمپ عراق کے اندر ایسے منصوبوں پر عمل درآمد کرنا چاہتے ہیں جو ان کے اپنے اور ان کے اتحادیوں کے مفادات پورے کریں اور عراق و ایران کے درمیان دوریاں پیدا کریں۔
آپ کا تبصرہ