اہل بیتؑ نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، امریکی شیعہ فاؤنڈیشن نے اپنی تازہ رپورٹ میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو دینی زندگی میں پیروی کے لیے ایک مثالی شخصیت اور مسلمانوں کے درمیان قابلِ احترام ہستی قرار دیتے ہوئے امریکہ میں شیعہ خاندانوں کے درمیان آپؑ کے مقام و مرتبے پر روشنی ڈالی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں بہت سے شیعہ خاندانوں کے لیے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نہ صرف وہ عظیم ہستی ہیں جن کی شہادت پر سوگ منایا جاتا ہے بلکہ دینی زندگی میں پیروی کے لیے ایک عملی نمونہ بھی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، تحقیقی ماخذ آکسفورڈ بائبلیوگرافیز اِن اسلامک اسٹڈیز میں بھی اس امر کی نشاندہی کی گئی ہے کہ شیعہ روایت حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کو اہلِ ایمان کے لیے نمونہ قرار دیتی ہے۔ اسی طرح انسائیکلوپیڈیا آف اسلام میں بھی دنیا بھر کے مسلمانوں کی حضرت فاطمہؑ سے عقیدت کا ذکر کیا گیا ہے۔
امریکی شیعہ فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر برائے مواصلات فرحانہ قاسم علی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و مرتبے کے حوالے سے کہا:
میرے نزدیک حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پُرسکون استقامت کی ایک مثال ہیں۔ ان ایامِ فاطمیہ کے ذریعے امریکہ کے مسلمانوں کو رک کر غور و فکر کرنے، تأمل کرنے اور ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا موقع ملتا ہے۔
امریکی شیعہ فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راحت حسین نے بھی حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے مقام پر زور دیتے ہوئے کہا:
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا رسولِ اکرم ﷺ کی بیٹی ہیں اور امریکہ میں ہر مسلمان، خواہ اس کا تعلق کسی بھی پس منظر سے ہو، ان سے محبت اور ان کا احترام کرتا ہے۔ یہ ایامِ سوگواری ہمیں ان کے صبر، ایمان اور خاندان سے گہری وابستگی کی یاد دلاتے ہیں۔
امریکی شیعہ فاؤنڈیشن نے امریکہ کی مختلف ریاستوں کی مساجد اور اسلامی مراکز میں ایامِ فاطمیہ کی مجالسِ عزاء منعقد کیے جانے کی بھی اطلاع دی ہے۔
فاؤنڈیشن کے مطابق، ان ایام میں امریکی شیعہ مجالسِ سوگواری منعقد کرکے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی یاد اور مقام کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یہ مجالس عموماً شام اور رات کے اوقات میں منعقد ہوتی ہیں، جن میں تلاوتِ قرآن کریم، مذہبی خطاب، مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی سمیت مختلف پروگرام شامل ہوتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مختلف اسلامی مراکز میں مجالس کے پروگرام مختلف ہوسکتے ہیں، جن میں انگریزی زبان میں خطاب، سینہ زنی، اجتماعی نوحہ خوانی اور زیارت نامہ کی قرائت بھی شامل ہے۔ بعض مجالس کے اختتام پر نذری نیاز اور اجتماعی کھانے کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔
امریکی شیعہ فاؤنڈیشن نے عزاداری کے پروگراموں میں شرکت کے خواہش مند افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اوقات اور دیگر تفصیلات کے لیے اپنے مقامی اسلامی مراکز سے رابطہ کریں۔
آپ کا تبصرہ