اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، رہبرِ انقلاب کے نمائندے اور قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی نے پاکستان کی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں کہا کہ ایران کا تمام افزودہ جوہری مواد ملک کے اندر ہی رہے گا۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ افزودہ جوہری مواد کا ایک ذرہ بھی ایران سے باہر نہیں جائے گا، کیونکہ یہ ایرانی عوام کا قیمتی قومی سرمایہ ہے اور اسے ملک کے اندر ہی استعمال کیا جائے گا۔
محسن رضائی نے کہا کہ ایرانی عوام اور حکام اس بات پر متفق ہیں کہ جب تک امریکا اعتماد بحال کرنے کے لیے عملی اقدامات نہیں کرتا، اس کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق، اعتماد سازی کا پہلا قدم ایران کی شرائط پر عمل درآمد ہے۔انہوں نے ایران اور پاکستان کے عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات پر بھی زور دیا۔
پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان سرحدی مسائل حل ہو چکے ہیں اور سرحد آج صبح سے دوبارہ کھول دی گئی ہے۔
انہوں نے 40 روزہ جنگ کے دوران ایرانی مسلح افواج کی بھرپور مزاحمت اور دفاع کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو خطے میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت کے بغیر باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔
آپ کا تبصرہ