اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے جنگ کے آغاز کو 200 روز مکمل ہونے اور عوام کی مسلسل 200 راتوں تک سڑکوں پر موجودگی کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلط کردہ تیسری جنگ کے آغاز کو 200 روز گزر چکے ہیں اور اس دوران عوام نے ذمہ دارانہ اور باشعور انداز میں میدان میں موجود رہ کر ثابت کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کا سب سے بڑا سہارا خود ایرانی قوم ہے۔
قالیباف نے کہا کہ دشمن کا خیال تھا کہ فوجی حملے کے ذریعے ایرانی عوام کے عزم کو توڑا جاسکتا ہے، لیکن آج عوام کی سڑکوں پر بھرپور موجودگی کی 200ویں رات یہ حقیقت واضح ہوگئی ہے کہ شکست ایرانیوں کے ارادے کی نہیں بلکہ حملہ آور کے وہم کی ہوئی ہے۔
انہوں نے ایرانی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے صبر، استقامت اور عزم کے سامنے احترام اور تشکر کے سوا کوئی بات کافی نہیں۔ ایران کی دفاعی طاقت کا مضبوط درخت میدان جنگ میں جس قوت کے ساتھ کھڑا ہے، اس کی جڑیں عوام کے ایمان اور عزم میں پیوست ہیں، جو گزشتہ 200 راتوں سے اپنے وطن کی سڑکوں پر ثابت قدمی کے ساتھ موجود ہیں۔
قالیباف نے کہا کہ قومی وقار اور ملکی مفادات کی بنیاد پر سفارتی محاذ پر جاری کوششوں کو بھی عوام کی اسی مسلسل موجودگی سے تقویت مل رہی ہے۔ عوام کی مسلسل اور پُرجوش موجودگی ہی ایران کو تقسیم اور کمزور کرنے کے دشمن کے منصوبوں کی ناکامی کی بنیادی وجہ ہے۔
دشمن کے منصوبے عوامی استقامت سے ناکام ہوئے
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایرانی عوام نے جنگ، دشمن کے سکیورٹی دباؤ اور اقتصادی مشکلات کے باوجود سڑکوں اور میدان کو خالی نہیں کیا، جس سے دشمن کے حساب کتاب کو شدید دھچکا پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن چاہتا تھا کہ آگ اور حملوں کے ذریعے خوف پیدا کیا جائے، لیکن عوام نے اپنی موجودگی کے ذریعے غیرت، قومی وقار اور استقامت کی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
قالیباف کے مطابق، دباؤ اور اختلافِ رائے کبھی بھی 9 کروڑ ایرانیوں کی اس مضبوط اکثریت کے ایران اور قومی مفادات سے گہرے تعلق کو کمزور نہیں کرسکتے۔
عوامی مزاحمت ایران کی طاقت ہے
انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب، دفاع مقدس اور حالیہ جنگوں کا تجربہ ایک حقیقت کی گواہی دیتا ہے کہ جب بھی دشمن ایران کے مقابلے میں ناکام ہوا، اس کی بنیادی وجہ ایرانی عوام کی مزاحمت رہی ہے۔
ان کے بقول، آج 200 راتوں سے یہ مزاحمت فوجی میدان میں جاری جدوجہد اور سڑکوں پر عوام کی موجودگی کے درمیان ایک مضبوط ربط کی صورت میں سامنے آئی ہے۔
قالیباف نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکام کے لیے سب سے بڑی نعمت ’’خدمت کا موقع‘‘ ہے اور اس موقع کا جواب دیانت داری، جدوجہد اور مسلسل محنت کے ذریعے دینا چاہیے۔
انہوں نے آخر میں ایرانی عوام کے سامنے احترام سے سر جھکاتے ہوئے ان کے صبر، تحمل اور عظمت پر دلی تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ تاریخ اس قوم کا نام ایران کی مزاحمت کے عظیم ترین ادوار کے ساتھ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
آپ کا تبصرہ