11 ستمبر 2026 - 17:49
اربیل سے امریکی فوج کے انخلا کا دعویٰ جھوٹا ہے، کرد سیاستدان

عراقی کردستان کے ایک آزاد سیاسی رہنما دیدار ہافال نے اربیل سے امریکی فوجیوں کے انخلا کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوجی اب بھی اپنے اڈوں میں موجود ہیں اور انخلا کی بات محض فوجیوں کی جگہ تبدیل کرنے کی حکمت عملی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراقی کردستان کے آزاد سیاستدان دیدار ہافال نے جمعہ کے روز اربیل سے امریکی فوجیوں کے انخلا سے متعلق خبروں کو میڈیا کا جھوٹ قرار دیا اور کہا کہ ان خبروں کو اندرون و بیرون ملک مخصوص مقاصد کے تحت پھیلایا جا رہا ہے۔

انہوں نے المعلومہ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شمالی عراق کے صوبہ اربیل میں امریکی فوجی اڈوں کے اندر سے سامنے آنے والی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی میرینز نے اربیل میں اپنی پوزیشنیں نہیں چھوڑی ہیں۔

دیدار ہافال کے مطابق، ٹرمپ حکومت کی جانب سے رواں ماہ کے آخر تک امریکی فوجیوں کے انخلا کے منصوبے کی بات بے بنیاد ہے۔ ان کے بقول، درحقیقت یہ اقدام نئی شکل اور نئے عنوان کے تحت امریکی فوجیوں کی جگہ تبدیل کرنے کی ایک حکمت عملی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اربیل میں موجود امریکی فوجی اڈے کے کمانڈروں کے بیانات بھی ظاہر کرتے ہیں کہ امریکی فوج کے انخلا کا کوئی منصوبہ یا ارادہ موجود نہیں ہے اور فوجیوں کی تعداد میں کمی سے متعلق جو باتیں سامنے آ رہی ہیں، وہ دراصل فوجیوں کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی ہے۔

کرد سیاستدان نے زور دے کر کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید تازہ دم امریکی فوجی اربیل پہنچیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha