10 ستمبر 2026 - 18:25
انصار اللہ: یمن پر جارحیت اور محاصرہ ختم ہونے تک بحیرہ احمر میں بحری کارروائیاں جاری رہیں گی

انصار اللہ یمن کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ یمنی مسلح افواج کی بحیرہ احمر میں کارروائیاں یمن پر جارحیت رکنے اور محاصرہ ختم ہونے تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یمن نے کسی ملک پر حملہ نہیں کیا بلکہ خود جارحیت کا نشانہ بنا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، یمنی اسلامی مزاحمتی تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ بحیرہ احمر میں یمن کی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک یمن پر جارحیت بند اور اس کا محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا۔

عبدالسلام نے کہا: ’’یمنی مسلح افواج نے ساحلی علاقوں میں جو کارروائیاں کی ہیں، وہ یمن کی خودمختاری کے دفاع اور ان چیلنجز اور عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی کارروائی ہے جو ملک کے داخلی امن کے لیے خطرہ ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا: ’’حقیقی، منصفانہ اور باوقار امن ہمارا تزویراتی انتخاب تھا اور رہے گا۔ سب کو معلوم ہونا چاہیے کہ یمن کے ساتھ امن کا راستہ تعلقات کو حسنِ ہمسائیگی، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر ازسرنو استوار کرنے کا سب سے کم خرچ اور مختصر راستہ ہے۔‘‘

انصار اللہ کے ترجمان نے کہا: ’’یمن کو اپنے کسی ہمسایہ ملک، عرب و اسلامی ممالک یا دنیا کے دیگر ممالک کے خلاف کوئی دعویٰ نہیں ہے اور نہ ہی یمن نے کسی ملک پر جارحیت کی ہے، بلکہ یمن خود جارحیت کا نشانہ بنا ہے، جو اسلامی اور عرب بھائی چارے کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔‘‘

انہوں نے واضح کیا: ’’بحیرہ احمر اور باب المندب میں بحری آمد و رفت اور بین الاقوامی تجارت محفوظ اور معمول کے مطابق جاری ہے اور اس حوالے سے عالمی سطح پر کسی تشویش کی ضرورت نہیں، کیونکہ یمن کی جانب سے انہیں کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔‘‘

عبدالسلام نے مزید کہا: ’’موجودہ کارروائیوں کے واضح اہداف ہیں جن کا پہلے ہی اعلان کیا جاچکا ہے اور یہ کارروائیاں دفاعی دائرے میں کی جارہی ہیں۔ جب بھی یمن پر جارحیت رک جائے گی اور اس کا محاصرہ ختم کردیا جائے گا، موجودہ کارروائیاں بھی روک دی جائیں گی۔‘‘

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha