اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسرائیل اور ترکیہ کے درمیان شام میں فوجی موجودگی کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اسرائیلی وزیر جنگ یسرائیل کاٹز نے ترک صدر رجب طیب اردوان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ترکیہ کو شام میں ’’خطرناک مہم جوئی‘‘ کی جانب لے جا رہے ہیں۔
کاٹز نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل کسی بھی فریق کو اپنی سلامتی کے لیے خطرہ بننے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے اردوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیل کے خلاف ترک پارلیمان میں اپنی ’’خیالی تقاریر‘‘ جاری رکھیں۔
اسرائیلی وزیر جنگ کا یہ بیان شام کے شمال مغرب میں حلب کے قریب ابو الظهور فوجی اڈے پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔ تل ابیب کا کہنا ہے کہ حملے کا مقصد ابو الظهور میں ممکنہ ترک فوجی تعیناتی کو روکنا تھا، جبکہ انقرہ نے اس اقدام کو شام کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ابو الظهور فوجی اڈہ ترکیہ کی سرحد سے تقریباً 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ مقامی رپورٹس کے مطابق حالیہ اسرائیلی حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم اس واقعے نے شام میں ترکیہ اور اسرائیل کے درمیان سیاسی و سلامتی کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
آپ کا تبصرہ