20 اگست 2026 - 16:15
فالح الفیاض: ایران نے ایک نیم عالمی جنگ کا مقابلہ کیا اور اپنا اتحاد برقرار رکھا

عراق کی حشد الشعبی کے سربراہ فالح الفیاض نے کہا ہے کہ ایران کو ایک نیم عالمی جنگ کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اس نے شدید دباؤ اور چیلنجز کے باوجود اپنا اتحاد اور داخلی استحکام برقرار رکھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی و اسرائیلی جارحیت کے باعث خطے کو بدامنی اور معاشی بحران کا سامنا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، حشد الشعبی کے سربراہ فالح الفیاض نے الشرقیہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایک نیم عالمی جنگ کا نشانہ بنا، لیکن وہ ان چیلنجز کے مقابلے میں اپنی داخلی یکجہتی برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پورا خطہ عدم استحکام اور معاشی مشکلات سے دوچار ہے۔

فالح الفیاض نے بتایا کہ ایران پر ہونے والی جارحیت کے دوران حشد الشعبی کو بھی شدید نقصان پہنچا اور اس کے 100 سے زائد مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جن میں ان کا اپنا دفتر بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس جنگ کے دوران حشد الشعبی کے 100 سے زائد اہلکار شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔

حشد الشعبی کے سربراہ نے واضح کیا کہ عراقی حشد الشعبی کو ازخود جنگ میں داخل ہونے کا اختیار حاصل نہیں اور وہ مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف کی ہدایات کا پابند ہے۔

فالح الفیاض کے مطابق حشد الشعبی کے مراکز کو مزاحمتی گروہوں پر دباؤ ڈالنے کے مقصد سے بھی نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حشد الشعبی عراق کے تمام حساس اور خطرناک علاقوں میں موجود ہے اور ملک کے تمام شہریوں کے لیے تحفظ اور اطمینان کا باعث ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حشد الشعبی نے عراقی عوام کو متحد کیا اور تمام طبقات کو اپنے علاقوں کے دفاع کا موقع دے کر مذہبی اور فرقہ وارانہ اختلافات کی دیواریں گرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

فالح الفیاض نے کہا کہ حشد الشعبی کے مختلف سکیورٹی اداروں کے ساتھ مضبوط تعاون اور وسیع ہم آہنگی موجود ہے، جبکہ عراقی وزیر اعظم بھی حشد الشعبی کے کردار اور ذمہ داریوں کی اہمیت سے آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عراقی عوام حشد الشعبی کو اپنے لیے تحفظ، امن اور اطمینان کی علامت سمجھتے ہیں اور یہ ایک قومی قوت اور خالص عراقی تجربہ ہے۔

حشد الشعبی کے سربراہ نے آخر میں کہا کہ تنظیم حشد الشعبی کی بریگیڈز کو سیاسی، سماجی اور گروہی تقسیم یا مخصوص ناموں سے الگ کرکے ایک قومی ادارے کے طور پر مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha