15 اگست 2026 - 16:03
سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف: ہم نے دنیا کی سب سے مسلح فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے گزشتہ 6 ماہ کی جنگی کارروائیوں میں حصہ لینے والے ایرانی فوجیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید حملوں کے باوجود کامیاب جارحانہ اور دفاعی کارروائیوں کے ذریعے دنیا کی سب سے زیادہ مسلح فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا گیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل وحیدی نے ایرانی مسلح افواج کے اہلکاروں کے نام اپنے پیغام میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو سراہا۔

انہوں نے ایرانی پاسداران، فوج، پولیس، بسیج، قبائلی جنگجوؤں اور امام زمانہؑ کے گمنام سپاہیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شاندار جدوجہد اور قربانیوں کی عظمت کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ 6 ماہ کی بے مثال جدوجہد کے دوران انسانیت کے خونخوار دشمنوں کے مقابلے میں ایرانی جنگجوؤں نے ایسی عظمت کا مظاہرہ کیا جس نے دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی اور دنیا بھر کے مظلوموں کے دلوں میں استعماری طاقتوں پر حتمی غلبے کی امید دوبارہ زندہ کردی۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی جنگجوؤں نے اللہ تعالیٰ پر توکل اور انتہائی دشوار حالات میں کامیاب جنگی کارروائیوں کے ذریعے دشمن کا مقابلہ کیا۔ شدید گرمی اور جنوبی جزائر و ساحلی علاقوں کی سخت حبس زدہ آب و ہوا سے لے کر شمالی سرحدوں کی بلند و بالا پہاڑی چوٹیوں کی شدید سردی تک، ایرانی فورسز نے شدید دشمنی کارروائیوں کے دوران کامیاب جارحانہ اور دفاعی آپریشن کیے اور دنیا کی سب سے زیادہ مسلح فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔

میجر جنرل وحیدی نے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام سے توسل اور ایثار و قربانی کی شاندار مثالیں قائم کرتے ہوئے ایرانی جنگجوؤں نے 8 سالہ دفاع مقدس کی عظیم جنگی روایات کو نئے انداز میں زندہ کیا اور رسول اکرم ﷺ کے ہمراہ بدر اور خیبر کی تاریخی جنگوں کی یاد تازہ کردی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی جنگجوؤں نے آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں میدانِ جنگ کا تخلیقی انداز میں انتظام کرتے ہوئے، اللہ تعالیٰ کی مدد سے دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے قیام کی راہیں ہموار کردیں اور دشمن پر اپنی مرضی مسلط کرکے ثابت کردیا کہ اسلام کو دنیا پر غالب کیا جاسکتا ہے۔

سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف نے ایرانی عوام کی حمایت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ عوام نے ایک دن کے لیے بھی میدان خالی نہیں چھوڑا اور ان کی ثابت قدمی اور امام زمانہؑ کی دعاؤں کی برکت سے امید ہے کہ جلد ہی خطے، بالخصوص فلسطین اور لبنان کے مظلوم اور مزاحمت کرنے والے عوام کی مشکلات اور مصائب کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر ربیع الاول کے بابرکت مہینے کی آمد پر ایرانی مجاہدین اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے اللہ تعالیٰ سے بہترین اجر کی دعا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha