اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا کہ یمنی فورسز نے ڈرون کارروائی کے ذریعے سعودی عرب کے جیزان میں واقع آرامکو ریفائنری کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی سعودی افواج کی جانب سے یمن کے صوبوں صعدہ اور حجہ کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے جواب میں کی گئی۔
یمنی ترجمان نے اس سے قبل بھی اعلان کیا تھا کہ صنعا نے مأرب اور حضرموت میں سعودی حمایت یافتہ فورسز کے اجتماع اور عسکری کیمپوں کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔
ان کے مطابق یہ کارروائی سعودی حمایت یافتہ فورسز کی بڑے پیمانے پر فوجی نقل و حرکت اور ان اجتماعات کی نگرانی کے بعد کی گئی تھی، جہاں انصاراللہ کے زیرِ کنٹرول علاقوں کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی تیاری کی جارہی تھی۔
یمنی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں سعودی حمایت یافتہ فورسز کے سینکڑوں اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے، جبکہ مشرقی یمن کے علاقے الودیعہ میں متعدد کیمپ، اسلحہ گودام، فوجی اجتماع کے مراکز اور فوجی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔
یمنی مسلح افواج نے سعودی عرب کو خبردار کیا کہ کسی بھی نئی فوجی کارروائی کا جوابی اقدام کیا جائے گا اور سعودی حمایت یافتہ یمنی فورسز سے کہا کہ وہ کسی نئی محاذ آرائی سے قبل اپنے ٹھکانے چھوڑ دیں۔
آپ کا تبصرہ