5 اگست 2026 - 16:17
صہیونی میڈیا: آبادکاروں کی شام میں دراندازی اسرائیل کے لیے سنگین سکیورٹی بحران بن سکتی ہے

ایک عبرانی اخبار نے صہیونی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ شام میں آبادکاروں کی مسلسل غیر قانونی دراندازی اسرائیلی فوج کے لیے نئی سکیورٹی مشکلات پیدا کر رہی ہے اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو یہ تل ابیب کے لیے ایک تزویراتی بحران کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عبرانی اخبار اسرائیل ہیوم نے صہیونی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ بعض آبادکار، جن میں نام نہاد "ہِل ٹاپ یوتھ" گروہ سے وابستہ افراد بھی شامل ہیں، بار بار مختلف سرحدی مقامات سے شام کی سرزمین میں داخل ہو رہے ہیں۔ سکیورٹی حکام کے مطابق یہ اب انفرادی واقعات نہیں رہے بلکہ ایک منظم طرزِ عمل کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بعض مواقع پر درجنوں آبادکار ایک ساتھ شام میں داخل ہوئے اور سرحدی باڑ کو بھی نقصان پہنچایا۔

صہیونی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر ایسے واقعے کے بعد فوج کو ان افراد کی تلاش اور واپسی کے لیے اضافی اہلکار، ڈرون، نگرانی کا سامان اور آپریشنل یونٹ تعینات کرنا پڑتے ہیں، جس کے نتیجے میں شمالی سرحدوں کے دفاع پر مامور فوجی وسائل متاثر ہوتے ہیں اور دفاعی ذمہ داریوں کے بجائے آبادکاروں کا تعاقب کرنا پڑتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بعض آبادکار بیلچوں، کھدائی کے آلات اور لکڑی کے کھمبوں کے ساتھ شام کے اندر عارضی ڈھانچے یا بنیادی تنصیبات قائم کرنے کی کوشش بھی کرتے پائے گئے۔

صہیونی سکیورٹی حکام کے مطابق سب سے بڑا خدشہ یہ ہے کہ اگر شام میں موجود مسلح عناصر کی جانب سے ان آبادکاروں پر فائرنگ ہو جائے یا انہیں اغوا کر لیا جائے تو یہ واقعہ اسرائیل کے لیے سنگین تزویراتی بحران کا سبب بن سکتا ہے۔

رپورٹ میں صہیونی ذرائع نے عدالتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ایسے اقدامات کے خلاف مؤثر اور بازدار سزائیں نہیں دی جاتیں، شام میں آبادکاروں کی غیر قانونی دراندازی کا سلسلہ جاری رہنے کا خدشہ برقرار رہے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha