اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، نجف اشرف کے امام جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید صدرالدین قبانچی نے کہا ہے کہ یومِ عرفہ کے موقع پر حضرت امام حسینؑ کی زیارت کے لیے آنے والے زائرین کی تعداد ابتدائی اندازوں کے مطابق 70 لاکھ سے تجاوز کر گئی، جبکہ اس دوران کوئی بڑا مسئلہ پیش نہیں آیا۔
انہوں نے نماز جمعہ کے خطبے میں زیارتِ عرفہ کے کامیاب انعقاد پر عراقی عوام، سرکاری اداروں اور رضاکار تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سال حج کے لیے سرکاری طور پر 17 لاکھ افراد کی شرکت ریکارڈ کی گئی، جبکہ کربلا میں یومِ عرفہ کے موقع پر زائرین کی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ رہی۔
عراق کے داخلی امور پر گفتگو کرتے ہوئے سید صدرالدین قبانچی نے کہا کہ عوام اب بھی وزیر اعظم علی الزیدی سے کابینہ مکمل کرنے کے منتظر ہیں، کیونکہ نو وزارتیں تاحال خالی ہیں۔ انہوں نے سیاسی کوٹہ سسٹم اور بیرونی مداخلت کو اس مسئلے کی بڑی وجوہات قرار دیا۔
انہوں نے ان اطلاعات پر تشویش ظاہر کی کہ بعض خلیجی عرب ممالک اقوام متحدہ کے ذریعے عراق پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ اگر کسی وزارت کی ذمہ داری مزاحمتی دھڑوں سے وابستہ شخصیت کو دی گئی تو عراق کو دہشت گردی کا حامی ملک قرار دینے کی کوشش کی جائے گی۔
امام جمعہ نجف اشرف نے وزیر اعظم اور رابطہ فریم ورک سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی مفادات، عراقی خودمختاری اور تمام طبقات کے منصفانہ حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مسئلے کا حل نکالیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی وزارتوں کے قیام کی تجاویز عراق کے لیے مالی بوجھ بن سکتی ہیں، اس لیے کابینہ کو مزید مختصر اور مؤثر بنانے پر غور کیا جانا چاہیے۔
سید صدرالدین قبانچی نے بعض ممالک میں شیعہ پاکستانیوں کے خلاف امتیازی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق 7 ہزار 500 پاکستانی صرف شیعہ ہونے کی وجہ سے بے گھر کیے گئے اور ان کے اثاثے منجمد کر دیے گئے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ انسانی حقوق، مساوات اور مذہبی آزادی کے دعوے ایسے اقدامات کے ساتھ کیسے مطابقت رکھتے ہیں۔
انہوں نے جنوبی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں کی بھی مذمت کی، جن کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیل کی مسلسل جارحیت پر خاموش ہیں، حالانکہ دنیا میں امن کی بات کی جاتی ہے۔
خطیب جمعہ نجف اشرف نے اپنے خطبے میں دعائے عرفہ کے چند اہم تربیتی اور عرفانی جملوں کی تشریح بھی کی اور انسان کی خدا کے سامنے محتاجی، عاجزی اور بندگی کے مفاہیم پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے آنے والے عید غدیر کی مناسبت سے امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہفتہ ولایت اور امامت کی تجدیدِ عہد کا ہفتہ ہونا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے امام محمد باقرؑ کی حدیث نقل کی کہ اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے: نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج اور ولایت، اور ان سب میں ولایت کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔
آپ کا تبصرہ