17 اپریل 2010 - 19:30

خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود کے علاقے وزیر ڈنڈ میں خود کش حملے کے نتیجہ میں کم از کم 17 خاصہ دار جاں بحق جبکہ 8اہلکار زخمی ہو گئے /جس علاقے میں ہیلی کاپٹر گرا وہ علاقہ شدت پسندوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ اس حادثے میں پائلٹ اور گن مین جاں بحق ہوگئے ہیں.

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق خود کش حملہ پاک افغان شاہر اہ پر خاصہ داروں کی گاڑی پر کیا گیا۔ واقعے میں ایک گاڑی بھی مکمل طور پر تباة ہو گئی ہے جس کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں کہ تباہ ہونے والی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی یا کوئی اور معاملہ ہے۔ خود کش حملے کی تصدیق کردی گئی ہے ،زخمی ہونے والے خاصہ داراہلکاروں کو طبی امداد کے لئے پشاور کے حیات آباد کے میڈکل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دریں اثناء مردان کے نواحی علاقے جمال گڑھی میں میں سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ رات ناصر اور ذاکر نامی افراد کے گھر پر چھاپہ مارکر دو خود کش جیکٹس برآمد کرلیں اس دوران سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا تھا۔ پولیس نے کسی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے تاہم مقامی لوگوں کے مطابق مکان سے دو افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جنہیں پوچھ گچھ کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ 
ادھر پشاور پولیس نے ناکہ بندی کے دوران رنگ روڈ ٹیکسی اسٹینڈ سے چھینی گئی موٹر کار برآمد کرکے کارلفٹر گروہ کے سرغنے کو گرفتار کر لیا ہے ۔
پشاور کے یکہ توت تھانے میں میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی ایس پی رشید خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب مسلم ٹیکسی اسٹینڈ سے ملزم بختیار نے چوکیدار کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا کرگاڑی نمبر ایم این سی 1181 چھین لے گیا ۔اطلاع ملنے پر پولیس نے ناکہ بندی کرکے عطا محمد گڑھی باڑہ خوڑ سے ملزم کو گرفتار کرلیااور چھینی گئی گاڑی برآمد کرلی۔
دوسری طرف سے موصولہ اطلاعات کے مطابق خیبر ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کا گن شپ ہیلی کاپٹر گرنے سے پائلٹ اور گن مین جاں بحق ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گن شپ کوبرا ہیلی کاپٹر خیبر ایجنسی کے دور افتادہ علاقے وادی تیرا میں گر کر تباہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے کئی ہیلی کاپٹر وادی تیرا بھیج دیئے گئے ہیں ۔جس علاقے میں ہیلی کاپٹر گرا وہ علاقہ شدت پسندوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے ۔