2 فروری 2026 - 15:20
علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت مجلس وحدت مسلمین ضلع کشمور کا ضلعی کنونشن، سید باقر شاہ شمسی ضلعی صدر منتخب

کنونشن میں انتخابی عمل کے ذریعے آئندہ تین سال کے لیے سید باقر شاہ شمسی کو مجلس وحدت مسلمین ضلع کشمور کا ضلعی صدر منتخب کر لیا گیا، جس کے بعد علامہ مقصود علی ڈومکی نے نومنتخب ضلعی صدر سے حلف لیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین ضلع کشمور کا ضلعی کنونشن صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیرِ صدارت کندہ کوٹ میں منعقد ہوا، جس میں ضلعی کابینہ، ضلع کی تینوں تحصیلوں کی تحصیل کابینہ اور مختلف یونٹس کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کنونشن کے دوران تنظیمی رپورٹ پیش کرتے ہوئے مستعفی ضلعی صدر میر فائق علی خان جکھرانی نے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین ضلع کشمور تین تحصیلوں اور 60 یونٹس پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور صوبے کی ہدایات کی روشنی میں تحصیل تنگوانی اور تحصیل کشمور کے انتخابات تنظیمی دستور کے مطابق گزشتہ ماہ کامیابی سے منعقد کیے گئے، جبکہ ضلعی تنظیم مرکز اور صوبے کی کال پر ہر احتجاجی اور تنظیمی سرگرمی میں بھرپور کردار ادا کرتی رہی ہے۔

کنونشن میں انتخابی عمل کے ذریعے آئندہ تین سال کے لیے سید باقر شاہ شمسی کو مجلس وحدت مسلمین ضلع کشمور کا ضلعی صدر منتخب کر لیا گیا، جس کے بعد علامہ مقصود علی ڈومکی نے نومنتخب ضلعی صدر سے حلف لیا۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں قرآن و سنت کی بالادستی اور مظلوم و محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور تحریکِ تحفظِ آئین کی اپیل پر اتوار 8 فروری کو سندھ بھر سمیت ملک بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہِ شعبان کے بابرکت ایام منجیٔ عالمِ بشریت حضرت امام زمانہؑ سے منسوب ہیں، جو دنیا کو ظلم و جور کی تاریکی سے نکال کر عدل و انصاف سے بھر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تورات، زبور اور قرآنِ مجید سمیت تمام آسمانی کتابوں میں زمین پر صالحین کی حکومت کا وعدہ فرمایا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ میر فائق علی خان جکھرانی کو مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کا رکن مقرر کر دیا گیا ہے، جہاں وہ آئندہ بھی تنظیمی خدمات انجام دیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha