17 اپریل 2010 - 19:30

یورپ کے گیارہ شہروں سے تیار کردہ رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ گذشتہ پانچ برسوں میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔

اہل البیت نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اوپن سوسائٹی انسٹٹیوٹ نے اپنی سالانہ رپورٹ میں یورپ کے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک سے پردہ اٹھایا ہے۔ یہ رپورٹ یورپ کے سات ملکوں کے گیارہ شہروں سے تیار کی گئی ہے جس میں "ایمسٹردم،  روٹرڈیم، آنورس، برلن، ہیمبرگ، كوپن ہیگن، لوسٹر، والٹھم، مارسل، پیرس اور اسٹاک هوم کی صورت حال کی تصویر کشی کی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں ـ جو گذشتہ دسمبر کے اواخر میں شائع ہوئی ـ واضح کیا گیا ہے کہ یورپ میں پیدا ہونے والے مسلمان ـ بالخصوص خواتین ـ بیرونی ممالک کے مسلمانوں کی نسبت زیادہ امتیازی سلوک کا سامنا کررہے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق مسلمانوں کو تنقید اور معاشرے میں برابر کی شراکت داری کا حق نہیں دیا جاتا؛ جرمنی میں باپردہ خواتین کو سب سے زیادہ دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے؛ اور اسکارف پہننے والی خواتین روزمرہ کے مسائل میں سب سے زیادہ امتیازی سلوک کا سامنا کرتی ہیں۔ اس رپورٹ میں بعض مسلمان خواتین نے کہا ہے: مغربی ادارے ان کے حجاب اور اسکارف کو ان کے تمام امور میں رکاوٹ بنادیتے ہیں اور اگر کہیں انہیں کام ملتا ہے تو ابتدائی تربیتی مراکز میں داخلے کے وقت انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 /110