6 جنوری 2026 - 16:25
رہبرِ معظم کے خلاف پروپیگنڈا ناقابلِ قبول، امریکہ و اسرائیل کی جھوٹی مہم  اور گمراہ کن رپورٹنگ کو نہ پھیلائیں : علامہ مقصود ڈومکی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس جامعہ المصطفیٰ خاتم النبیین جیکب آباد میں منعقد ہوا، جس سے صوبائی آرگنائزر سندھ علامہ مقصود علی ڈومکی نے خصوصی خطاب کیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی آرگنائزر سندھ علامہ مقصود علی ڈومکی، ممبر صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی مولانا منور حسین ساجدی اور صوبائی صدر عزاداری ونگ سید غلام شبیر نقوی نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی مسلسل انقلابی جدوجہد کے باعث عوام میں اس کی مقبولیت روز بروز بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، ملکی استحکام، ترقی اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے عملی کردار ادا کر رہی ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ رہبرِ معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے عظیم دینی پیشوا ہیں، ان کی ذات کے خلاف کسی بھی قسم کی گستاخی ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہبرِ معظم کی پوری زندگی ظلم، جبر اور ظالم قوتوں کے خلاف جدوجہد سے عبارت ہے اور وہ موت سے نہیں ڈرتے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی استکباری قوتوں خصوصاً امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے رہبرِ معظم کے خلاف جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈے کو پاکستان کی زرد صحافت آگے بڑھانے سے مکمل اجتناب کرے۔

صوبائی آرگنائزر نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے وینزویلا کے صدر کو اغوا کرنا ایک سنگین عالمی جرم ہے، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس اقدام پر عالمی عدالتِ انصاف میں کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ عشرۂ تکریمِ شہداء کے موقع پر خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں ان عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا جنہوں نے دین اسلام کی سربلندی اور حرمِ آلِ محمدؑ کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر عزاداری ونگ سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ تمام ونگز کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے، مشترکہ جدوجہد کے ذریعے تنظیم اور ملت کے حق میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 8 جنوری بروز جمعرات جیکب آباد میں عشرۂ تکریمِ شہداء کے سلسلے میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، تمام ونگز بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں گے، جبکہ عزاداری ونگ کے سیکرٹری سید بشیر حسین نقوی کو ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha