28 دسمبر 2025 - 16:49
علامہ مقصود علی ڈومکی کا ضلع خیرپور میرس کا دورہ، ٹھری میرواہ میں اہم شخصیات کی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت

مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع خیرپور میرس کے دو روزہ دورے کے دوران ٹھری میرواہ میں علماء کرام اور معززینِ علاقہ سے ملاقاتیں کیں، جہاں سرکردہ مذہبی شخصیات نے مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت اختیار کی۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی ضلع خیرپور میرس کے دو روزہ تنظیمی دورے کے موقع پر ٹھری میرواہ پہنچے، جہاں انہوں نے سرزمینِ سندھ کے نامور خطیب، خطیبِ اہلِ بیتؑ اور ملتِ جعفریہ کے سینئر رہنما علامہ اسد علی شر اور ان کے فرزند ظفر علی شر کی دعوت پر ان کی رہائش گاہ پر علماء کرام اور معززینِ علاقہ سے ملاقات کی۔

اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے علاقائی علماء اور شخصیات کو مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں شمولیت کی دعوت دی اور تنظیمی اہداف، موجودہ حالات اور ملت کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔

گفتگو کرتے ہوئے علامہ اسد علی شر نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اتحاد بین المؤمنین کے فروغ کے لیے مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ مجلس وحدت مسلمین کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ان شاء اللہ سندھ بھر میں اس پلیٹ فارم کے ساتھ مل کر تنظیمی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ضلع خیرپور کے علماء کرام اور اکابرین کی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت خوش آئند اور نیک شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطیبِ اہلِ بیتؑ علامہ اسد علی شر کی دینی، سماجی اور ملی خدمات قابلِ قدر ہیں، جو ہمیشہ ملت اور مذہب کے دفاع میں صفِ اوّل میں نظر آئے ہیں۔

بعد ازاں مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی ارگنائزنگ کمیٹی کے رکن آغا منور حسین جعفری نے علامہ اسد علی شر، ان کے فرزند ظفر علی شر اور ان کے رفقاء کو مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم عزاداری ونگ سندھ کے صوبائی صدر سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی عوامی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مختلف علاقوں سے لوگ اس پلیٹ فارم میں شمولیت کے لیے رابطہ کر رہے ہیں۔

بعد ازاں علامہ مقصود علی ڈومکی، سید غلام شبیر نقوی اور آغا منور حسین جعفری نے علامہ اسد علی شر، ظفر علی شر اور ان کے ساتھیوں کو ہار پہنائے اور مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر آغا منور حسین جعفری نے کہا کہ قائدِ وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جرات مندانہ، اصولی اور انقلابی قیادت کے باعث مجلس وحدت مسلمین آج مظلوم عوام کی ایک مؤثر ترجمان بن چکی ہے۔

دورے کے اختتام پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ظفر علی شر سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان تعلقہ ٹھری میرواہ کے آرگنائزر کی حیثیت سے حلف لیا۔ اس موقع پر ضلعی ارگنائزنگ کمیٹی کے اراکین اور دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha