اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، لیبیا کے فوجی سربراہ، چار دیگر افسران اور عملے کے تین ارکان کو لے جانے والا نجی طیارہ منگل کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ سے ٹیک آف کے بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے۔ لیبیا کے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ طیارے میں تکنیکی خرابی تھی۔
ترک حکام نے بتایا کہ لیبیا کا وفد اعلیٰ سطحی دفاعی مذاکرات کے لیے انقرہ میں تھا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو فروغ دینا تھا۔
لیبیا کے وزیر اعظم عبدالحمید دبیبہ نے جنرل محمد علی احمد الحداد اور چار افسران کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے فیس بک پر ایک بیان میں کہا کہ یہ "افسوسناک حادثہ" اس وقت پیش آیا جب وفد وطن واپس آ رہا تھا۔ وزیر اعظم نے اسے لیبیا کے لیے "بہت بڑا نقصان" قرار دیا۔
الحداد مغربی لیبیا میں اعلیٰ فوجی کمانڈر تھے اور انہوں نے لیبیا کے اداروں کی طرح تقسیم ہو چکی ملک کی فوج کو متحد کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی ثالثی میں جاری کوششوں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے چار دیگر افسران میں لیبیا کی زمینی افواج کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل الفتوری غریبل تھے۔ ملٹری مینوفیکچرنگ اتھارٹی کی قیادت کرنے والے جنرل محمود القطاوی، چیف آف اسٹاف کے مشیر محمد العسوی دیاب اور چیف آف اسٹاف کے دفتر کے ساتھ ملٹری فوٹوگرافر محمد عمر احمد محجوب۔
ترک حکام نے بتایا کہ فالکن 50 ٹائپ بزنس جیٹ کا ملبہ انقرہ سے تقریباً 70 کلومیٹر (تقریباً 43.5 میل) جنوب میں واقع ہیمانا کے گاؤں کیسیکاواک کے قریب سے ملا ہے۔
قبل ازیں منگل کی شام، ترکی کے ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے کہا تھاکہ انقرہ کے ایسن بوگا ہوائی اڈے سے ٹیک آف کے بعد ان کا لیبیا واپس جا رہے طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
ترکی کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ طیارہ رات 8:30 بجے ٹیک آف ہوا۔ اور اس سے رابطہ 40 منٹ بعد منقطع ہو گیا۔ یرلیکایا نے کہا کہ طیارے نے تمام مواصلات بند ہونے سے پہلے ہیمانا کے قریب ہنگامی لینڈنگ کا سگنل جاری کیا تھا۔
ترکی کے صدارتی مواصلاتی دفتر کے سربراہ برہانیتین ڈوران نے کہا کہ طیارے نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو برقی خرابی کی اطلاع دی اور ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی۔ طیارے کو واپس ایسن بوگا کی طرف بھیج دیا گیا جہاں اس کی لینڈنگ کی تیاریاں شروع ہو گئیں تھیں۔ ڈوران نے کہا کہ طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے لیے اترتے وقت ریڈار سے غائب ہو گیا۔
مقامی ٹیلی ویژن سٹیشنوں پر نشر ہونے والے سیکیورٹی کیمرے کی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ہیمانا پر رات کا آسمان اچانک دھماکے سے روشن ہو گیا۔
انقرہ کے ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا اور کئی پروازوں کو دیگر مقامات کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔ ترکی کی وزارت انصاف نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے چار پراسیکیوٹرز کو تفویض کیا گیا ہے، جیسا کہ اس طرح کے واقعات میں عام بات ہے۔
فیس بک پر ایک حکومتی بیان کے مطابق، لیبیا حادثے کی تحقیقات کے لیے ترک حکام کے ساتھ کام کرنے کے لیے ایک ٹیم انقرہ بھیجے گا۔
لیبیا میں 2011 کی بغاوت کے خاتمے اور معمر قذافی کی ہلاکت کے بعد افراتفری کا شکار ہو گیا۔ مشرق اور مغرب میں مقیم حریف انتظامیہ کے ساتھ ملک تقسیم ہو گیا، جن کو ملیشیا اور غیر ملکی حکومتوں کی حمایت حاصل تھی۔
ترکی کا مغرب میں لیبیا کی حکومت کے ساتھ اتحاد رہا ہے، لیکن اس نے حال ہی میں مشرق میں قائم حکومت کے ساتھ بھی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
لیبیا کے وفد کا منگل کا دورہ ترکی کی پارلیمنٹ کی جانب سے لیبیا میں خدمات انجام دینے والے ترک فوجیوں کے مینڈیٹ میں دو سال کی توسیع کی منظوری کے ایک دن بعد ہوا ہے۔ ترکی نے 2019 کے سیکورٹی اور فوجی تعاون کے معاہدے کے بعد فوجیوں کو تعینات کیا جو انقرہ اور طرابلس میں قائم حکومت کے درمیان طے پایا تھا۔
آپ کا تبصرہ