21 دسمبر 2025 - 22:14
مآخذ: ابنا
بغداد میں پاکستان اور عراق کے صدور کی ملاقات

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے عراق کے چار روزہ سرکاری دورے کے دوران اتوار کے روز بغداد میں عراقی صدر عبداللطیف رشید سے ملاقات کی۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے عراق کے چار روزہ سرکاری دورے کے دوران اتوار کے روز بغداد میں عراقی صدر عبداللطیف رشید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون کے فروغ، عوامی روابط کو مضبوط بنانے، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد اور انتہاپسندی کے سدباب پر اتفاق کیا۔

پاکستانی ایوانِ صدر کے مطابق، دونوں صدور نے سیاسی، اقتصادی اور سماجی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت علاقائی و کثیرالجہتی فورمز پر باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔

صدر آصف علی زرداری نے عراق میں کامیاب پارلیمانی انتخابات پر عراقی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی اور نئی حکومت کی ہموار تشکیل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے عراق کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وحدت کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عراق کے استحکام، خوشحالی اور جمہوری ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارت دونوں ممالک کے درمیان حقیقی اقتصادی، ثقافتی اور سلامتی کے امکانات کی مکمل عکاسی نہیں کرتی۔ انہوں نے آئی ٹی، تعمیرات، ادویات سازی اور متعلقہ صنعتوں کے علاوہ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع کی نشاندہی کی۔

انہوں نے موجودہ مفاہمتی یادداشت کے تحت عراق کی تعمیرِ نو اور ترقیاتی کوششوں میں ہنرمند اور نیم ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی کے ذریعے تعاون کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے طبی خدمات، مالیاتی مہارت اور ڈیجیٹل گورننس میں پاکستان کی صلاحیتوں پر زور دیتے ہوئے ڈیٹا کے محفوظ انتظام سمیت تکنیکی تجربات عراق کے ساتھ شیئر کرنے کی پیشکش کی تاکہ ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha