17 نومبر 2025 - 16:22
امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا بنگلادیش کی تازہ صورتحال پر سخت ردِعمل: ’’حسینہ واجد کا انجام پوری دنیا کے جابروں کے لیے کھلا ہوا سبق ہے‘‘

امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بنگلادیش میں شیخ حسینہ واجد کے خلاف خصوصی عدالت کا فیصلہ دنیا کے تمام جابروں کے لیے عبرت ناک سبق ہے۔ انہوں نے اس موقع پر زور دیا کہ پندرہ سالہ اقتدار میں سیاسی انتقام، جھوٹے مقدمات اور فسطائی حکمرانی کے باوجود عوامی و اسلامی مزاحمت ہمیشہ زندہ رہی اور بالآخر ظلم کے تمام منصوبے ناکام ہوئے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے بنگلادیش میں پیش آنے والے تازہ ترین واقعے پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج جو منظرنامہ دنیا نے دیکھا، وہ ہر ظالم حکمران کے لیے عبرت ناک اور روزِ روشن کی طرح واضح سبق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں پندرہ برس تک اقتدار پر قابض رہنے والی شیخ حسینہ واجد نے اپنے دور میں ملک کو فسطائیت، سیاسی انتقام اور عدالتی جبر کا گڑھ بنا دیا تھا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حسینہ واجد نے جھوٹے مقدمات کے ذریعے سیاسی مخالفین کو کچلا، خصوصی ٹربیونلز کو انتقامی فیصلوں کا آلہ بنایا اور درجنوں محبِ اسلام و محبِ وطن رہنماؤں کو یک طرفہ کارروائیوں کے بعد پھانسیوں کے تختوں پر لٹکایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’آج وہی خصوصی عدالت خود حسینہ واجد کے خلاف انتہائی سزا کا اعلان کر رہی ہے، یہ انجام اس بات کا ثبوت ہے کہ ظلم کبھی دائمی نہیں ہوتا۔‘‘

امیر جماعتِ اسلامی نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی آشیر باد کے باوجود حسینہ واجد نہ عوام کو گمراہ کر سکیں، نہ ہی اپنے فسطائی نظام کو دوام دے سکیں۔ ان کے مطابق آج کا فیصلہ ان تمام ظالم حکمرانوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے جو جھوٹ، جبر، کرپشن اور سیاسی انتقام پر نظامِ حکومت قائم رکھتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے بنگلادیش کے ان تمام مظلوم خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا جنہوں نے طویل عرصہ اس ریاستی جبر کو برداشت کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ بنگلادیش میں عدل، انصاف، حقیقی آزادی، اسلامی تشخص اور قومی ترقی کا سفر دیرپا ثابت ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha